تلنگانہ میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ

   

شہریوں کو وبائی امراض سے بچنے کے لیے احتیاط برتنے ڈاکٹرس کا مشورہ
حیدرآباد۔11۔جون(سیاست نیوز) تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹرس نے شہریوں کو اس وبائی مرض سے احتیاط کا مشورہ دینا شروع کردیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ ریاست بالخصوص شہر حیدرآباد میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیاجانے لگا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ میں کورونا وائرس کے متاثرین معمولی بخار‘ سردی ‘ کھانسی اور نزلہ کی شکایت کے ساتھ خانگی ڈاکٹرس سے رجوع ہورہے ہیں جن کا معمول کے مطابق ادویات سے علاج کیا جا رہاہے لیکن ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے مریضوں کو محتاط رہنے کے علاوہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے اقدامات پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی جانے لگی ہے۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کی صورت میں مریضوں کو بہتر علاج کی فراہمی اور انہیں ضروری ادویات اور آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جاچکے ہیں اور گاندھی ہاسپٹل میں کوروناوائرس کے مریضوں کے لئے علحدہ وارڈ بھی تیار کیا جاچکا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 929 کورونا وائرس کے متاثرین کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان مریضوں کے ساتھ ملک بھر میں جملہ مریضوں کی تعداد 7121 کو پہنچ چکی ہے۔ ہندستان میں کیرالہ میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے مریض پائے جارہے ہیں اور سال 2019 میں کوروناوائرس کی وباء کے دوران بھی سب سے زیادہ مریض کیرالہ میں ہی پائے گئے تھے ۔ کیرالہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کا مشاہدہ کیا جائے تو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 302 مریضوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور اس طرح ریاست کیرالہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2941 کو پہنچ چکی ہے۔ اسی طرح پڑوسی ریاست کرناٹک میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 165 مریضوں کی نشاندہی کی گئی اور مجموعی اعتبار سے کرناٹک میں مریضوں کی جملہ تعداد 817 کو پہنچ چکی ہے ۔ مہاراشٹرا میں جہاں 969 کورونا وائرس کے مریض موجود ہیں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 86 مریضوں کی توثیق ہوئی ہے۔ تلنگانہ میں خانگی ماہرین طب کا کہناہے کہ کورونا وائرس کے متاثرین میں پائی جانے والی علامات معمولی ہیں اور ان کا بروقت بہ آسانی علاج ممکن ہے اسی لئے شہریوں کو کورونا وائرس سے خوفزدہ ہونے کے بجائے احتیاط سے کام لیتے ہوئے علاج پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے ۔3