تلنگانہ میں 14 جون کو نیشنل لوک عدالت

   

حیدرآباد ۔ 11۔ جون (سیاست نیوز) نیشنل لیگل سرویسز اتھاریٹی کی ہدایت پر 14 جون کو تلنگانہ میں نیشنل لوک عدالت کا اہتمام کیا جائے گا۔ تلنگانہ اسٹیٹ لیگل سرویسز اتھاریٹی کے ممبر سکریٹری کے مطابق ہائی کورٹ اور تمام تحت کی عدالتوں میں لوک عدالت منعقد کی جائے گی تاکہ سیول کیسیس اور کمپاؤنڈیبل کریمنل کیسیس کی یکسوئی کی جاسکے۔ تعلقہ سطح کی عدالتوں میں بھی یہ سہولت رہے گی۔ چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ جو لیگل سرویسز اتھاریٹی کے سرپرست ہیں، وہ لوک عدالت کی نگرانی کریں گے ۔ لوک عدالت میں عوام کو کسی بھی خرچ یا فیس کے بغیر عدالت کے باہر تنازعات کی یکسوئی کی جاتی ہے۔ اگر زیر التواء کیسیس میں درخواست گزاروں نے کورٹ فیس ادا کردی ہے تو معاملہ کی یکسوئی کے بعد واپس کردیا جائے گا ۔ لوک عدالت کے فیصلہ کو کسی بھی کورٹ میں چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔ عوام سے لوک عدالت کی سہولت سے استفادہ کی اپیل کی گئی ہے۔ لوک عدالت میں تنازعات کی یکسوئی کے خواہشمند افراد ضلع لیگل سرویس اتھاریٹی کے صدرنشین یا سکریٹری سے ربط قائم کریں۔ قریبی منڈل لیگل سرویسز کمیٹی کے حکام سے بھی ربط قائم کیا جاسکتا ہے۔1