تلنگانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی کا سنٹرل الیکشن کمیشن کو مکتوب
حیدرآباد ۔ 5 ستمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ووٹرس کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) کے اہم اور حساس عمل کی آخری تاریخ میں توسیع کیلئے سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے سنٹرل الیکشن کمیشن کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے اعتراضات اور دعوؤں کے اندراج اور کارروائی کیلئے طئے شدہ آخری تاریخ میں مزید تین ہفتوں کی توسیع کرنے کی سفارش کی ہے۔ واضح رہیکہ اس سے قبل چیف منسٹر ریونت ریڈی نے بھی گزشتہ ماہ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو مکتوب روانہ کرکے عوام اور تمام سیاسی جماعتوں کی سہولت کیلئے SIR کی آخری تاریخ میں چار ہفتوں کی توسیع اور قطعی ووٹرلسٹ کی اشاعت پر نظرثانی کی درخواست کی تھی۔ موجودہ شیڈول کے مطابق اعتراضات اور دعوے پیش کرنے کی آخری تاریخ 16 ستمبر کو ختم ہورہی ہے۔ تاہم عوام ‘سماجی تنظیموں اور متعدد سیاسی جماعتوں کی جانب سے مدت میں اضافے کے بڑھتے ہوئے مطالبہ کے پیش نظر سی ای او سدرشن ریڈی نے سنٹرل الیکشن کمیشن کو تین ہفتوں کی توسیع کرنے کی تجویز روانہ کی ہے۔ اب تمام نظریں اس بات پر ٹکی ہوئی ہیں کہ سنٹرل الیکشن کمیشن اس مکتوب پر کیا فیصلہ کرے گا۔ اسی دوران الیکشن عہدیداروں نے ریاست بھر میں جاری SIR عمل کے تفصیلی اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے انکشاف کیا ہیکہ اب تک 47.79 لاکھ سے زائد ووٹرس کو مختلف تضادات اور تصدیق کے سلسلہ میں نوٹسیں جاری کی گئیں ہیں۔ جاری کردہ نوٹس کی بنیاد پر مقررہ وقت اور تاریخ پر 32.39 لاکھ ووٹرس سماعت کیلئے حاضر نہ ہوسکے۔ حکام نے مزید بتایا کہ تمام اضلاع میں اب تک 5,74,504 شہری باضابطہ سماعت اور تصدیقی عمل کوکامیابی کے ساتھ تکمیل ومکمل کیا ہے۔2