چار مہینوں میں 2.28 لاکھ طلبہ کے بینک کھاتوں میں 930 کروڑ روپئے منتقل
حیدرآباد : 19 اکٹوبر ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں تعلیمی سال 2026-27 کے دوران طلبہ کی ٹیوشن فیس اور اسکالرشپ کی ادائیگی کے عمل میں نمایاں تیزی لائی گئی ہے ۔ حکومت کی جانب سے گزشتہ ماہ مزید ایک لاکھ طلبہ کے بینک کھاتو ں میں رواں سال کی مکمل فیس جاری کردی گئی ہے جوکہ انٹرمیڈیٹ اور اس سے اوپر کے کورسیس کے طلبہ کیلئے فیس جمع کرنے کے ہدف کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔ سال 2026-27 کیلئے درخواستوں کی جانچ اور حل کا عمل شروع ہونے کے بعد سے صرف چار مہینوں کے اندر شاندار پیشرفت دیکھنے میں آئی ہے ۔ جملہ 2لاکھ 28 ہزار طلبہ کے بینک کھاتوں میں مجموعی طور پر 930 کروڑ روپئے جمع کئے جاچکے ہیں ۔ اس حساب سے اوسطً فی طالب علم پر 40 ہزار روپئے خرچ کئے گئے ہیں ۔ اب تک جاری کردہ فنڈز میں سے 811 کروڑ روپئے ٹیوشن فیس اور 119 کروڑ روپئے بطور اسکالرشپ دیئے گئے ہیں ۔ سالانہ بنیادوں پر ٹیوشن فیس اور اسکالرشپ کی جملہ مانگ 2400 کروڑ روپئے ہے جس میں سے تقریباً 39 فیصد فنڈز صرف چار مہینوں میں ادا کردیئے گئے ہیں ۔ فلاحی محکمے ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی ، اقلیتی ، ای بی سی اور معذورین اس عمل میں تال میل کے ساتھ کام کررہے ہیں ۔ نوڈل ڈپارٹمنٹ یعنی ایس سی ویلفیر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے درخواستوں کی یکسوئی کے عمل کو روزآنہ کی بنیاد پر خصوصی نگرانی کی جارہی ہے ۔ اب تک 5.8 لاکھ طلبہ نے اسکالرشپ کیلئے درخواستیں دی ہیں جن میں سے 4.79 لاکھ طلبہ نے اپنے بینک کھاتو ں کو آدھار سے جوڑ دیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے طلبہ کو فیس اور اسکالرشپ کی ادائیگی کیلئے ہر ماہ 250 کروڑ روپئے فراہم کئے جارہے ہیں ۔ اس طرح چار ماہ کیلئے 1000کروڑ روپئے جمع کئے گئے ہیں جن میں سے 930 کروڑ روپئے طلبہ کے بینک کھاتو ں میں پہنچ چکے ہیں ۔ 2/i
موصول ہونے والی 5.8 لاکھ درخواستوں میں سے اکثریت تجدید (Renewal) کی ہیں چونکہ پروفیشنل کورسیس اور میڈیکل ایجوکیشن میں داخلے کا عمل جاری ہے جوکہ نومبر تک مکمل ہوگا ۔ امید ہے کہ ڈسمبر تک طلبہ کے بینک کھاتو ں میں 1800 کروڑ روپئے جمع کردیئے جائیں گے ۔ محکمہ کا یہ بھی نشانہ ہے کہ آئندہ سال مارچ تک اسکالرشپ کا کوئی بھی بقایا باقی نہیں رہے گا ۔2