آئندہ دو یوم موسلادھار بارش کی پیش قیاسی ۔ پڑوسی ریاست میں 4 افراد ہلاک ۔ بیشتر ذخائر آب کی سطح اور پانی کے بہاؤ میں اضافہ ۔ عوام کو چوکسی کا مشورہ
حیدرآباد 31 اگسٹ (سیاست نیوز) تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں گذشتہ شب سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجہ میں ریاست کے تمام ذخائر آب کی سطح آب مکمل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اس کے علاوہ اضلاع میں موجود تالابوں کے پانی کی بہاؤ کے ساتھ شہر حیدرآباد میں موسیٰ ندی کے پانی کے بہاؤ میں بھی تیزی پیدا ہوچکی ہے۔ گذشتہ شب شروع ہونے والی بارشو ںکا سلسلہ ریاست کے تمام اضلاع میں جاری ہے اور وقفہ وقفہ سے شہر حیدرآباد کے بیشتر علاقوں میں دن بھر بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجہ میں عام زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے انتباہ کے مطابق ریاست کے 70 فیصد اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کیا جاچکا ہے اور شہر حیدرآباد کے نواحی علاقوںمیں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق آئندہ دو یوم میں موسلادھار بارش کے نتیجہ میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے اسی لئے احتیاطی اقدامات کی عوام سے اپیل کی گئی ہے۔ نشیبی علاقوں کے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل ہوجانے کی تاکید کرکے کہاگیا ہے کہ وہ بارش کے پانی کی جمع ہونے کا انتظار نہ کریں بلکہ محفوظ مقامات پر منتقل ہونے میں عجلت کا مظاہرہ کریں کیونکہ اچانک موسلادھار بارش کے نتیجہ میں پانی تیزی سے جمع ہونے کا خدشہ ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں میں شہر حیدرآباد میں 150 تا 200 ملی میٹربارش کے امکانات ہیں ۔ محکمہ موسمیات کے ریڈ الرٹ میں ریاست کے 7 اضلاع کو شامل کیاگیا ہے جبکہ مابقی تمام اضلاع میں عنبر الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔ کریم نگر ‘ پدا پلی ‘ بھول پلی ‘ ملوگو‘ کتہ گوڑم ‘ کھمم اور نلگنڈہ میں انتہائی زور دار بارشوں کے امکانات ظاہر کئے گئے ہیں جبکہ کھمم میں بارش کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ۔ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے نتیجہ میں پڑوسی ریاست آندھراپردیش میں گذشتہ یوم سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے اور کہاجا رہاہے کہ آندھراپردیش میں بارشوں کے نتیجہ میں کئی مواضعات کے زیر آب آنے کی اطلاعات ہیں۔تلنگانہ کے جن اضلاع کیلئے محکمہ موسمیات سے عنبر الرٹ جاری کیاگیا ان میں دونوں شہروں کے علاوہ سنگاریڈی‘ وقارآباد ’ جنگاؤں ‘ ہنمکنڈہ ‘ آصف آباد‘ منچریال ‘ جگتیال‘ ناگر کرنول‘ ونپرتی ‘ نارائن پیٹ کے علاوہ دیگر اضلاع شامل ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے موسم کی پیش قیاسی کے پیش نظر عوام کیلئے انتباہ جاری کرکے انہیں غیر ضروری گھروں باہر نہ نکلنے کی ہدایت دی گئی ہے اور کہاگیا کہ موسلادھار بارشوں سے سڑکوں پر سیلاب کی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ جی ایچ ایم سی سے ہنگامی صورتحال کے دوران مدد کیلئے خصوصی ہیلپ لائن نمبر جاری کیا گیا ہے۔اضلاع سے موصول اطلاعات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں سے جاری بارشوں کے دوران بیشتر مقامات پر 30تا40کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں ۔ آندھرا پردیش کے علاقہ وجئے واڑہ میںبارش کے دوران زمین کھسکنے کے نتیجہ میں 4 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔آندھراپردیش کے بیشتر علاقوں میں بارش سے عام زندگی مفلوج ہوچکی اور حکومت سے بارش میں پھنسے افراد کی مدد کیلئے امداد رسانی کے کاموں کو تیز کیا جا رہاہے۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرابابو نائیڈو نے چیف سیکریٹری اور ڈائرکٹر جنرل پولیس کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ 3یوم بارش کی پیش قیاسی کے پیش نظر صورتحال پر نظر رکھیں اور ہنگامی خدمات کیلئے تیار رہیں ۔ تلنگانہ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائیٹی کی جانب سے ریاست میں بارشوں کی تفصیلات میں انکشاف ہوا کہ گذشتہ 24گھنٹوں میں یوسف گوڑہ ‘ کرشنا نگر شیخ پیٹ اور دیگر علاقو ں میں زائد از 53ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ شیخ پیٹ ‘ یوسف گوڑہ اور شیرلنگم پلی کے علاقوں میں 30 منٹ کے دوران 50 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔گوتم نگر ‘ گچی باؤلی کے علاوہ پرانے شہر کے علاقوں میں بھی گذشتہ شب موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی لیکن ہفتہ کی صبح سے شام تک بھی ہلکی اور تیز بارشوں کا سلسلہ جاری رہا ۔ دونوں تلگو ریاستوں آندھرا پردیش اور تلنگانہ کیلئے انتباہ میں محکمہ موسمیات نے سیلاب کی صورتحال کا خدشہ ظاہر کرکے کہا کہ دونوں ریاستی حکومتوں کو اپنے شہریوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کرنے چاہئے تاکہ بارشوں سے کسی طرح کا کوئی حادثہ پیش نہ آئے۔ جی ایچ ایم سی نے مخدو ش عمارتوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے جبکہ محکمہ برقی بالخصوص ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کی جانب سے برقی تاروں اور کھمبوں کے قریب نہ جانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔3