چہارشنبہ کی رات دیر گئے شہر اور اضلاع میں دھواں دھار بارش، عوام کو ضروری کام پر ہی گھر سے نکلنے کا مشورہ
حیدرآباد۔4۔ ستمبر ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں آئندہ 5یوم کے دوران مزید بارش کی پیش قیاسی نے ضلع انتظامیہ اور حکومت کی مشنری کو چوکسی اختیار کرنے پر مجبور کردیا ہے اور آئندہ 5یوم کے دوران موسلادھار بارش کے نتیجہ میں ہونے والی امکانی تباہی کے خدشات کے پیش نظر عہدیدارو ںکی جانب سے مزید احتیاطی اقدامات کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔محکمہ موسمیات نے ریاست تلنگانہ میں آئندہ 5یوم کے لئے آرینج الرٹ جاری کردیا ہے اور ان ایام کے دوران ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے علاوہ خانگی ماہرین موسمیات کی جانب سے جاری کردہ پیش قیاسی کے مطابق 4ستمبر تا9 ستمبر کے دوران شمالی تلنگانہ کے اضلاع میں جہاں موسلادھار بارش کے نتیجہ میں تباہ کن صورتحال پیدا ہوئی تھی اسی طرح کے حالات دوبارہ پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے آئندہ 5یوم کے دوران موسلادھار بارش کے امکانات کے پیش نظر عہدیداروں کو اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ ریاست بھر میں چوکسی اختیار کریں۔ بتایا جاتا ہے کہ خانگی ماہرین موسمیات جو موسم کی پیش قیاسی کر رہے ہیں انہوں نے 4 ستمبر کی شام سے ہی دوبارہ بارش کے آغاز کی پیش قیاسی کی ہے اور کہا ہے کہ کمرم بھیم آصف آباد‘ منچریال ‘ جگتیال ‘ پدا پلی ‘ کریم نگر ‘ بھوپل پلی ‘ ہنمکنڈہ ‘ ورنگل ‘ ملوگو‘ محبوب آباد ‘ بھدادری کتہ گوڑم اور کھمم میں دوبارہ موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے جو کہ سیلاب کے بعد تباہ حال آبادیوں میں راحت کاری کاموں کو متاثر کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ شمالی تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں صبح سے ہی ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور آئندہ 4یوم کے دوران یہ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ چہارشنبہ کی رات دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ نواحی اضلاع میں دھواں دھار بارش ہوئی جس سے سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں اور عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ نشیبی علاقوں سے پانی داخل ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ جی ایچ ایم سی نے شدید بارش کی پیش قیاسی پر عوام کو انتہائی ضروری کام کی صورت میں ہی گھروں سے نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ تیز و موسلادھار بارش کے دوران درختوں کے نیچے سہارا نہ لیں اور سڑکوں پر جمع پانی سے گذرنے سے گریز کریں۔ حیدرآباد‘ رنگاریڈی ‘ نلگنڈہ ‘ سوریہ پیٹ ‘ یدادری بھونگیری‘ سدی پیٹ ‘ میدک ‘ سرسلہ ‘ سنگاریڈی ‘ وقارآباد‘ کاماریڈی ‘ نظام آباد‘ نرمل اور عادل آباد میں بھی ہلکی تا تیز بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ دونوں شہروں کے علاوہ نواحی اضلاع میں وقفہ وقفہ سے بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ کہا جار ہاہے کہ آئندہ دنوں میں اگر ہوا کے دباؤ میں کمی کے اثرات میں اضافہ ہوتا ہے تو بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے گئے اس الرٹ کے بعد ریاست کے سیلاب سے متاثر ہ اضلاع میں عہدیدارو ںکی جانب سے دوبارہ چوکسی اختیار کرتے ہوئے راحت کاری کاموں کے طریقہ کار میں تبدیلی کے ساتھ مزید بہتر بنانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ 3
کرنے کے اقدامات کئے جار ہے ہیں اور زمینی سطح پر بارش کے مزید نقصانات نہ ہوں اس کے لئے اقدامات کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔3