انفرااسٹرکچر سہولتوں اور انگلش میڈیم ذریعہ تعلیم کے مثبت نتائج،26 ہزار اسکولوں پر 7289 کروڑ خرچ کا منصوبہ
حیدرآباد۔/7 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے سرکاری اسکولوں میں انفرااسٹرکچر سہولتوں کو بہتر بنانے کے اقدامات اور انگلش میڈیم ذریعہ تعلیم کے آغاز کے علاوہ سماجی اور معاشی سطح پر سافٹ اِسکل تربیت کے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ حکومت کے سماجی اور معاشی سروے رپورٹ 2023 کے مطابق سرکاری اسکولوں میں گذشتہ تین برسوں کے دوران طلبہ کے داخلوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ تعلیمی سال 2021-22 میں حکومت کے اقدامات کے سبب سرکاری اور مجالس مقامی کے اسکولوں میں 6.3 فیصد زائد داخلے ہوئے جو خانگی اسکولوں کے مقابلہ میں زیادہ ہیں۔ 2021-22 میں سرکاری اسکولوں میں 62.29 لاکھ داخلے ہوئے جو 49.77 فیصد ہوتے ہیں جبکہ 2020-21 میں 43.4 فیصد اور 2019-20 میں 42.91 فیصد داخلے ہوئے تھے۔ حکومت کی رپورٹ کے مطابق خانگی اسکولوں میں داخلوں میں کمی آئی ہے۔ 2019-20 میں 57.09 فیصد داخلوں کے مقابلے 2020-21 میں 56.53 فیصد اور 2021-22 میں 50.23 فیصد داخلے ہوئے۔ 2021-22 میں لڑکیوں کے مقابلے لڑکوں کے 204983 اضافی داخلے درج کئے گئے۔2020-21 میں لڑکیوں کے 48.11 فیصد جبکہ 2021-22 میں 48.4 فیصد لڑکیوں کے داخلے ہوئے تھے۔ حکومت کی جانب سے’ میرا گاؤں۔ میرا اسکول ‘ پروگرام کے آغاز کے نتیجہ میں حکومت کو امید ہے کہ آنے والے برسوں میں داخلوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ اسکیم کے تحت سرکاری اسکولوں میں 12 مختلف سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ پہلے مرحلہ میں حکومت نے 7289 کروڑ سے 26065 سرکاری اسکولوں میں انفرااسٹرکچر کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت نے تعلیمی سال 2022-23 سے تمام سرکاری اسکولوں میں انگلش میڈیم ذریعہ تعلیم کو متعارف کیا ہے۔ بجٹ میں ’ میرا گاؤں۔ میرا اسکول‘ اسکیم کیلئے 7289 کروڑ مختص کئے گئے۔ر