تلنگانہ کے 1818 عازمین حج کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب

   

6 مئی تک پہلی قسط ادا کرنے کی ہدایت ، حج کمیٹی میں پاسپورٹ اور دستاویزات جمع کریں
حیدرآباد سے 748 اور ورنگل رورل سے صرف ایک خوش نصیب ، 500 ویٹنگ لسٹ
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : حج 2020 کے لیے تلنگانہ سے 1818 عازمین کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا جب کہ 500 عازمین کی ویٹنگ لسٹ تیار کی گئی ہے ۔ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے ممبئی میں آج ملک بھر کے عازمین کے انتخاب کے لیے قرعہ اندازی کی گئی ۔ تلنگانہ سے 4598 درخواستیں داخل کی گئی تھیں ۔ حیدرآباد سے 2669 درخواستیں داخل کی گئیں ۔ جب کہ کوٹہ کے تحت 748 عازمین کا انتخاب کیا گیا۔ ورنگل رورل ضلع سے صرف ایک درخواست داخل کی گئی اور واحد درخواست گذار کا انتخاب عمل میں آیا ۔ منتخب عازمین کو SMS کے ذریعہ اطلاع کردی گئی ہے۔ تلنگانہ کے اضلاع سے منتخب عازمین میں عادل آباد 36 ، کتہ گوڑم 27 ، جگتیال 29 ، جنگاؤں 8 ، گدوال 22 ، کاماریڈی 42 ، کریم نگر 34 ، کھمم 19 ، آصف آباد 18 ، محبوب نگر۔نارائن پیٹ 69 ، منچریال 20 ، میدک 22 ، میڑچل 98 ، ناگر کرنول 21 ، نلگنڈہ 43 ، نرمل 43 ، نظام آباد 128 ، پداپلی 21 ، رنگاریڈی 124 ، سنگاریڈی 108 ، سدی پیٹ 18 ، سوریہ پیٹ 17 ، وقار آباد 42 ، ونپرتی 16 ، ورنگل۔ملگ 29 ، ورنگل رورل ایک اور بھونگیر 12 شامل ہیں ۔ منتخب عازمین کو حج اخراجات کی پہلی قسط کے طور پر فی کس 81,000 روپئے جمع کرنا ہوگا ۔ رقم کی ادائیگی کے بعد 6 مئی تک ریاستی حج کمیٹی کو پے سلپ ، میڈیکل فٹنس سرٹیفیکٹ اور انٹرنیشنل پاسپورٹ جمع کرنا ہوگا ۔ ایگزیکٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی بی شفیع اللہ کے مطابق شہر اور اضلاع میں تربیتی کیمپس کے علاوہ ٹیکہ اندازی کیمپ کا اہتمام کیا جائے گا ۔ تلنگانہ سے 12 خادم الحاج کا انتخاب عمل میں آیا ہے ۔ ر