حیدرآباد۔ حیدرآباد کا نام بھاگیہ نگر پر تبدیل کرنے والے یوگی ادتیہ ناتھ کے بیان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اے ائی ایم ائی ایم صدر اسدالدین اویسی نے کہاکہ اترپردیش کے چیف منسٹر پر جوابی وار میں کہاکہ تمہارینسل بھی حیدرآباد کا نام بدل نہیں سکتی ہے اور شہر کو حیدرآبادہی پکارا جائے گا۔

ہفتہ کے روز حیدرآباد کے ملکاجگیری علاقے میں ایک بڑے شو کے دوران ادتیہ ناتھ نے مجالس مقامی کے انتخابات کے پیش نظر کہاکہ بی جے پی تلنگانہ میں اقتدار میں آتی ہے تو شہر کا نام بھاگیہ نگر پر تبدیل کیاجائے گا۔
ادتیہ ناتھ نے کہاکہ ”اترپردیش میں بی جے پی اقتدار میں آنے کے بعد ہم نے فیض آباد کو ایودھیا‘ الہ آباد کو پریاگ راج پر تبدیل کیاہے۔ تو کیاہم حیدرآباد کا نام بھاگیہ نگر نہیں کرسکتے ہیں؟۔ اس پر اویسی کی جانب سے تیکھا ردعمل پیش کیاگیاہے۔
انہوں نے کہاکہ ”تمہاری ساری نسل ختم ہوجائے گی مگر حیدرآباد کانام حیدرآباد ہی رہے گا‘ مذکورہ الیکشن حیدرآباد او ربھاگیہ نگر کے درمیان میں ہے۔
اگر آپ حیدرآباد کے نام میں تبدیلی نہیں چاہتے ہیں تو مجلس کو ووٹ دیں“۔
جاریہ بلدی انتخابی مہم کے دوران اے ائی ایم ائی ایم کے صدر نے ہفتہ کے روز اپنے پارٹی امیدوار کی حمایت میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کے دوران یہ بات کہی ہے۔
انہوں نے استفسار کیاکہ”وہ نام بدلنا چاہتے ہیں۔ وہ (بی جے پی) ہر چیز کا نام بدلنا چاہتی ہے۔ تمہارا نام بدل جائے گامگر حیدرآباد کا نام نہیں بدلے گا۔ اترپردیش کے چیف منسٹر یہاں ائے اور کہاکہ وہ نام (حیدرآباد) کا تبدیل کریں گے۔ کیا تم اس کا نے ٹھیکہ لیاہے“۔
اویسی نے مزیدکہاکہ ”یہ حیدرآباد کا الیکشن نہیں لگ رہا ہے۔ ایسا لگ رہا ہے کہ ہم نریندر مودی کی جگہ کوئی وزیراعظم کا انتخاب کررہے ہیں۔
میں کارون میں ایک ریالی میں تھااورکہاکہ سب کو یہاں پر بلایاجارہا ہے‘ ایک بچے نے کہاکہ وہ ٹرمپ کو بھی بلائیں گے۔ وہ درست تھا‘ صرف ٹرمپ(امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ) ہی باقی ہے“۔
حالیہ دوباک ضمنی الیکشن میں بی جے پی کی جیت کے بعد شہر حیدرآباد میں مجالس مقامی کے انتخابات میں مقابلہ سہ رخی‘ ٹی آر ایس‘ ایم ائی ایم او ربی جے پی کے درمیان میں دیکھائی دے رہا ہے۔
بی جے پی مجالس مقامی انتخابات کی مہم کے لئے ملک بھر کے اپنے قومی اور علاقائی قائدین کو حیدرآباد بلارہی ہے۔
جس میں مرکزی وزراء اور دیگر ریاستوں کے اراکین اسمبلی کے علاوہ چیف منسٹران اور سابق چیف منسٹر بھی شامل ہیں۔
بلدیہ گریٹر حیدرآباد کی 150نشستوں پر یکم ڈسمبر کے روز بلدی انتخابات ہونے والے ہیں اور ووٹوں کی گنتی 4ڈسمبر کو مقرر ہے