تیز رفتار ٹرین اُوپر سے گزرنے کے باوجود ایک شخص بچ گیا

   

بھاگلپور : 17 سیکنڈ کا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ اس ویڈیو میں پوری ٹرین ایک شخص کے اوپر سے گزر رہی ہے۔ یہ وائرل کلپ بھاگلپور کے کہل گاؤں ریلوے اسٹیشن کا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق یہ شخص ٹرین پکڑنے کے لیے ریلوے ٹریک کراس کر رہا تھا کہ درمیان میں مال گاڑی پٹری پر کھڑی تھی۔ اس شخص نے اوور برج سے گزر کر دوسرے پلیٹ فارم پر جانے کے بجائے شارٹ کٹ لیا اور ٹریک کو عبور کرنے کے لیے وہاں کھڑی مال گاڑی کے نیچے سے نکلنے لگا۔ لیکن جیسے ہی وہ شخص ٹرین کے نیچے گیا تو ٹرین چل پڑی اور وہ بیچ میں پھنس گیا۔ تاہم، اس شخص نے اپنے ہوش و حواس کھوئے بغیر سمجھداری سے کام لیا اور اس وقت تک ریلوے ٹریک پرہی لیٹا رہا جب تک کہ پوری ٹرین اس کے اوپر سے نہ گزر گئی۔