ثاقب ہندوستان کیلئے کھیلنے کا خواب رکھتے:کوچ

   

حیدرآباد،19 مئی (آئی اے این ایس) سن رائزرس حیدرآباد کے بولنگ کوچ ویرون آرون نے چنئی سوپرکنگس کے خلاف پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے آئی پی ایل 2026 کے پلے آف میں جگہ بنانے کے بعد نوجوان فاسٹ بولر پرفل ہنگے اور ثاقب حسین کی کارکردگی کو سراہا ہے۔جیو ہاٹ اسٹار پرگفتگو کرتے ہوئے ویرون آرون نے کہا کہ دونوں نوجوان بولروں کی ترقی ان کی سیکھنے کی لگن اور سخت محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا پرفل ہنگے اور ثاقب حسین دونوں ہندوستان کے لیے کھیلنے کا خواب رکھتے ہیں اور یہی جذبہ انہیں مسلسل محنت پر آمادہ کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹیم نے ان دونوں کھلاڑیوں کے ساتھ آئی پی ایل شروع ہونے سے تقریباً دو ماہ قبل ہی خصوصی تربیتی کیمپوں کا انعقاد کیا تھا، جہاں ان کی بولنگ کے مختلف پہلوؤں پر کام کیا گیا۔ آرون کے مطابق سب سے متاثر کن بات یہ تھی کہ دونوں نوجوان سیکھنے کے لیے ہمیشہ تیار رہے اور اب انہیں اپنی محنت کا صلہ ملنا شروع ہوگیا ہے۔چنئی سوپرکنگس کی اننگز کے دوران دونوں بولروں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ثاقب حسین نے خطرناک بیٹراْروِل پٹیل کو آؤٹ کیا جبکہ پرفل ہنگے اور ثاقب حسین نے فی کس دو وکٹیں حاصل کر کے چنئی کو 180 رنز تک محدود رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ہدف کے تعاقب میں ایشان کشن نے 47 گیندوں پر70 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ ہینرک کلاسن نے 47 رنز بنا کر درمیانی اوورز میں میچ کا رخ سن رائزرس حیدرآباد کے حق میں موڑ دیا۔ویرون آرون نے ہینرک کلاسن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سیزن میں ٹیم کو اس وقت مشکلات پیش آتی تھیں جب ابتدائی بیٹرس خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا پاتے، تاہم اس مرتبہ کلاسن نے فنشر کا کردار بہترین انداز میں نبھایا ہے۔انہوں نے کہاکلاسن کی خاص بات یہ ہے کہ وہ باآسانی اپنی بیٹنگ کی رفتار تبدیل کر لیتے ہیں۔ وہ ایک وقت میں سنگلز لیتے ہوئے کھیل کو آگے بڑھاتے ہیں اور اچانک تیزی سے رنز بنا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیتے ہیں۔ویرون آرون کے مطابق چنئی کے خلاف کلاسن کی اننگز ان کی صلاحیتوں کا واضح ثبوت تھی، خاص طور پر اسپن بولنگ کے خلاف ان کے شاٹس انتہائی متاثرکن رہے۔اس کامیابی کے ساتھ سن رائزرس حیدرآباد آئی پی ایل 2026 کے پلے آف میں پہنچنے والی تیسری ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل گجرات ٹائٹنس اور رائل چیلنجرز بنگلورو پلے آف میں رسائی حاصل کر چکی ہیں۔یادرہے کہ گزشتہ سیزن کی بہ نسبت حیدرآباد نے رواں سیزن نوجوان بولروںکے ذریعہ اسکور کا شاندار دفاع کیا ہے۔