جان ٹرنس ’ایپل‘ کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر

   

نیویارک ۔ 21 اپریل (ایجنسیز) معروف ٹیکنالوجی کمپنی ’’ایپل‘‘ اپنے ایک سینئر عہدے دار جان ٹرنس کو نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہیں ٹم کک کی جگہ کمپنی کی قیادت سونپی گئی ہے اور یہ تبدیلی ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب آئی فون بنانے والی یہ کمپنی مصنوعی ذہانت (AI) کی ٹیکنالوجی کے زیرِ اثر صنعتی انقلاب کی تیاری کر رہی ہے۔ایپل نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا کہ ٹم کک جو 2011 سے کمپنی کی قیادت کر رہے تھے، اب ایگزیکٹو چیئرمین بن جائیں گے۔ایک الگ فیصلے میں کمپنی نے بتایا کہ جونی سروجی، جو مخصوص چپس اور سینسرز کے ڈیزائن کی نگرانی کرتے ہیں، انہیں ہارڈویئر کے شعبے کا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ٹرنس نے 2001 میں ایپل میں شمولیت اختیار کی تھی اور حال ہی میں وہ کمپنی کے اندر ہارڈویئر انجینئرنگ کی کوششوں کی نگرانی کر رہے تھے۔ انہوں نے میک کمپیوٹرز جیسی مصنوعات کی فروخت میں اضافے کیلئے اہم کردار ادا کیا، جن کے مارکیٹ شیئر میں گذشتہ چند سالوں کے دوران نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ٹرنس کے بطور سی ای او تقرر کے ساتھ ہی ایپل کی قیادت ٹم کک کے ہاتھوں سے منتقل ہو گئی ہے، جو سپلائی چین کے ماہر سمجھے جاتے تھے اور جنہوں نے کمپنی کو ایک عالمی برانڈ بنا کر سالانہ کروڑوں ڈیوائسز تیار کرنے کے قابل بنایا۔ اب قیادت ایک ایسی شخصیت کے پاس ہے جو طویل عرصے سے ڈیزائن اور مصنوعات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ٹیکنالوجی کنسلٹنسی فرم کری ایٹو اسٹریٹجیز کے سی ای او بین باجارین کا کہنا ہے کہ ٹرنس کو ایپل کے اندر بہت قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور وہ کمپنی میںایک نئی توانائی پھونکیں گے۔