جیوندان پروگرام ، وزیر صحت ٹی ہریش راؤ کی خصوصی محنت کا نتیجہ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : جسمانی اعضاء کی پیوندکاری میں ریاست تلنگانہ کو ملک بھر میں سرفہرست مقام حاصل ہوا ہے ۔ برین ڈیڈ یا موت کے بعد جسمانی اعضاء کو اکٹھا کرنے کے معاملے میں تلنگانہ سارے ملک میں مثالی ریاست بن کر ابھری ہے ۔ سال 2022 میں مرنے والوں سے حاصل کردہ اعضاء کی پیوندکاری میں تلنگانہ نے اہم مقام حاصل کیا ہے ۔ گذشتہ سال ملک بھر میں 2765 مریضوں میں اعضاء کی پیوندکاری کی گئی ۔ ان میں سب سے زیادہ تلنگانہ میں 655 اعضاء کی پیوندکاری کی گئی ۔ سارے ملک میں کی گئی ہر چار میں ایک سرجری تلنگانہ میں کی گئی ہے ۔ یہ سب ریاستی حکومت کی خصوصی توجہ اور ’ جیوندان ‘ پروگرام کا نتیجہ ہے ۔ تلنگانہ حکومت اعضاء کی پیوندکاری کے لیے بڑے پیمانے پر حوصلہ افزائی کے اقدامات کررہی ہے ۔ جیوندان پروگرام پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ اعضاء کی پیوندکاری ہر کسی کے لیے ترتیب وار کی جارہی ہے ۔ اس معاملے میں دولت مند اور غریب افراد میں کوئی فرق نہیں کیا جارہا ہے ۔ حکومت آروگیہ شری اسکیم کے تحت اس کا علاج کررہی ہے ۔ جس میں ان کی زندگی بھر استعمال کی جانے والی ادویات کا بھی احاطہ کیا گیا ہے ۔ فی الحال ریاست میں نمس اور عثمانیہ ہاسپٹلس میں اعضاء کی پیوندکاری کی جارہی ہے ۔ ان دونوں ہاسپٹلس میں جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں ۔ ساتھ ہی میڈیکل کالجس میں برین ڈیڈ کی تصدیق کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔۔ ن