جسٹس اُجل بھویاں تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقرر

   

جسٹس ستیش چندر شرما کا دہلی تبادلہ ، جسٹس امجد اے سید ہما چل پردیش کے
چیف جسٹس ہوں گے، سپریم کورٹ کالجیم کی سفارشات
حیدرآباد۔/17 مئی، ( سیاست نیوز) سپریم کورٹ کے کالجیم نے ملک میں 5 ریاستوں کی ہائی کورٹس کیلئے چیف جسٹس کے ناموں کی مرکز سے سفارش کی ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس ستیش چندر شرما کا دہلی ہائی کورٹ تبادلہ کیا جارہا ہے جبکہ تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر جسٹس اجل بھویاں کے نام کی سفارش کی گئی ہے۔ جسٹس ستیش چندر شرما سابق میں کرناٹک ہائی کورٹ کے کارگذار چیف جسٹس کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ 18 جنوری 2008 کو مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج کے طور پر مقرر کئے گئے جسٹس ستیش چندر شرما 15جنوری 2010 کو مستقل جج مقرر ہوئے۔ اکٹوبر 2021 میں انہوں نے تلنگانہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی ذمہ داری سنبھالی۔ جسٹس اجل بھویاں فی الوقت تلنگانہ ہائی کورٹ میں جج کی حیثیت سے برقرار ہیں۔17 اکٹوبر 2011 کو اجل بھویاں کا تقرر گوہاٹی ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج کے طور پر ہوا ۔ 3 اکٹوبر 2019 کو ان کا بمبئی ہائی کورٹ تبادلہ کیا گیا۔22 اکٹوبر 2021 کو وہ بمبئی سے تلنگانہ ہائی کورٹ کے جج کے طور پر مقرر کئے گئے۔ جسٹس اجل بھویاں تلنگانہ اسٹیٹ لیگل سرویسس اتھاریٹی کے ایگزیکیٹو چیرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جسٹس بھویاں 2 اگسٹ 1964 کو آسام کے گوہاٹی میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد سچیندر ناتھ بھویاں سینئر ایڈوکیٹ تھے۔ انہوں نے آسام کے ایڈوکیٹ جنرل کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں۔ گوہاٹی میں اسکولی تعلیم حاصل کی جبکہ دہلی کے کالج سے ڈگری کی تکمیل کی۔ گوہاٹی کے گورنمنٹ لاء کالج سے ایل ایل بی اور گوہاٹی یونیورسٹی سے ایل ایل ایم کی ڈگری حاصل کی۔ مارچ 1991 کو بار کونسل آسام میں اپنا نام درج کرایا۔ سپریم کورٹ کالجیم نے جسٹس بھویاں کو چیف جسٹس کے عہدہ پر ترقی دینے کے علاوہ دہلی، بمبئی اور گجرات کے چیف جسٹس کے تبادلہ کی سفارش کی ہے۔ سپریم کورٹ کالجیم نے دہلی ہائی کورٹ کے جسٹس ویپن سانگھی کو اترا کھنڈ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے کی سفارش کی ہے۔ بمبئی ہائی کورٹ کے جسٹس امجد اے سید کو ہماچل پردیش، بمبئی ہائی کورٹ کے جسٹس ایس ایس شنڈے کو راجستھان اور گجرات ہائی کورٹ کے جسٹس آر ایم چھایہ کو گوہاٹی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر تقرر کی سفارش کی ہے۔ حکومت کی جانب سے سفارشات کی منظوری کے بعد صدر جمہوریہ اعلامیہ جاری کریں گے۔ ر