دیوریا: اترپردیش کے دیوریا۔کشی نگر ایم ایل سی سیٹ سے ایس پی امیدوار ڈاکٹر کفیل خان نے اپنی شکست قبول کرتے ہوئے کہا کہ آج آئے انتخابی نتائج سے ثابت ہوگیا کہ ریاست میں ایک بار پھر جمہوریت ہار گئی۔ڈاکٹر خان نے منگل کو یہ ووٹ شماری سنٹر پر میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ انہیں اس الیکشن میں 1031ووٹ ملے ہیں ۔ یہ ہار ان کی نہیں بلکہ جمہوریت کی ہار ہے۔ اس الیکشن میں دولت کی لالچ، پو انتظامیہ کا دباؤ اور پردھان و بی ڈی سی اراکین کو ڈرایا دھمکایا گیا جس کا نتیجہ ہے کہ جمہوریت ایک بار پھر ہار گئی۔بی جے پی امیدوار ڈاکٹر رتن پال سنگھ کو جیت کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اب وہ 14اسمبلی حلقوں کے لوگوں اور عوامی نمائندوں کے ایم ایل سی ہیں۔ توقع ہے کہ نومنتخب ایم ایل سی ڈاکٹر سنگھ علاقے کی ترقی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔ ڈاکٹر کفیل نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے دوران ان کو پولیس کے ذریعہ پریشان کرنے کی ہر ممکن اقدام کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے ان کو پریشان کرنے اور دباؤ میں لینے کے لئے ان کو گورکھپور کی رہائش گاہ پر جاکر پریشان کرنے کی کوشش کی۔