نئی دہلی : ہندوستانی باکسر جیوتی گولیا نے 51 کیلو گرام زمرہ میں قزاقستان کی دو مرتبہ کی عالمی چمپئن ناظم کیزابیا کو حیران کن شکست دیتے ہوئے 72 ویں اسٹرانجا میموریل باکسنگ ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جوکہ صوفیا کے صدر مقام بلغاریہ میں کھیلا جارہا ہے۔ جیوتی جوکہ 2017ء کی ورلڈ یوتھ چمپئن ہے، انہوں نے ناظم کے خلاف 3-2 کی کامیابی حاصل کی ہے۔ ہریانہ سے تعلق رکھنے والی جیوتی 2014 اور 2016ء میں سینئر ورلڈ چمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی حریف باکسر کو شکست دی ہے۔ کوارٹر فائنل میں جیوتی کا مقابلہ اب رومانیہ کی باکسر پریجوک سے ہوگا۔ علاوہ ازیں مرد زمرہ کے مقابلوں میں ہندوستان کو مایوسی ہوئی ہے۔ 91 کیلو گرام زمرہ میں نوین کمار کو فرانس کے ویلفریڈ کے خلاف 5-0 کی شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ 75 کیلو گرام زمرہ میں انکیت کھاٹنا کو بیلاروس کے وکٹر کے خلاف 2-3 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ لائیٹ ہیوی ویٹ کے 81 کیلو گرام زمرہ میں سچن کمار کو امریکی باکسر گارنیرسیان کے خلاف 5-0 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ واضح رہے رواں ٹورنمنٹ میں 30 ممالک کے باکسرس شریک ہیں جس میں فرانس، آئرلینڈ، قزاقستان، روس، امریکہ، یوکرین اور ازبکستان قابل ذکر ہیں جبکہ ہندوستان نے اس ایونٹ میں شرکت کیلئے اپنے 12 باکسرس کو روانہ کیا ہے جس میں 7 مرد اور 5 خواتین شامل ہیں۔