حیدرآباد۔/10 اپریل، ( سیاست نیوز) حج 2022 کیلئے حکومت سعودی عرب کی جانب سے رہنمایانہ خطوط کے اعلان کے بعد حج کمیٹی آف انڈیا نے 65 سال سے کم عمر حج کے خواہشمند افراد سے درخواستیں طلب کی ہیں۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر محمد یعقوب شیخ کے مطابق حکومت سعودی عرب نے حج 2022 کیلئے عازمین کی عمر کی حد 65 سال مقرر کی ہے اور عازمین سعودی وزارت صحت کے منظورہ کوویڈ ویکسین حاصل کئے ہونا چاہیئے۔ عازمین کو سعودی عرب روانگی سے72 گھنٹے قبل کا پی سی آر ٹسٹ رپورٹ داخل کرنا ہوگا۔ سعودی وزارت حج و عمرہ نے نئی شرائط عائد کی ہیں جس کے تحت 65 سال سے زائد عمر کے افراد کی جانب سے داخل کی گئیں درخواستیں از خود مسترد ہوجائیں گی۔ نئے قواعد کے تحت 70 سال سے زائد عمر کا محفوظ زمرہ نہیں ہوگا۔ ایسے مَحرم جن کی عمر 30 اپریل 2022 کو 65 سال سے زائد ہوگی ان کے ساتھ جانے والی خاتون عازم کی درخواستیں بھی منسوخ ہوجائیں گی۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے 9 اپریل سے 22 اپریل تک نئے شرائط کے تحت انٹر نیشنل پاسپورٹ رکھنے والے افراد سے درخواستیں طلب کی ہیں۔ انٹر نیشنل پاسپورٹ 20 اپریل 2022 سے قبل جاری کردہ ہو جس کی مہلت 31 ڈسمبر 2022 ہونی چاہیئے۔30 اپریل تک درخواست گذار کی عمر 65 سال سے تجاوز نہیں ہونی چاہیئے۔ ایسی خواتین جن کے مَحرم کی عمر 65 سال سے زائد ہے ان کی جگہ مَحرم کے طور پر 65 سال سے کم عمر کے افراد درخواست داخل کرنے کے اہل ہیں۔ سعودی حکومت کے رہنمایانہ خطوط کے تحت اگر کوئی درخواست گذار چاہے تو اپنی درخواستیں واپس لے سکتے ہیں۔ چیف ایگزیکیٹو آفیسر نے بتایا کہ سعودی وزارت حج و عمرہ صحت سے متعلق مزید رہنمایانہ خطوط جاری کرے گا۔ر