حکومت کے 11 سال مکمل ہونے پر راج گھاٹ پروزارت اقلیتی امور کی نمائش

   

نئی دہلی، 10 جون (یواین آئی) اقلیتی امورکی مرکزی وزارت، مودی حکومت کے 11 سال مکمل ہونے کے موقع پر دارالحکومت میں راج گھاٹ پر 11 سے 15 جون تک ایک نمائش کا اہتمام کر رہی ہے ، جس میں بااختیار بنانے ، شمولیت اور ثقافتی افتخار کے ساتھ حکومت کی مختلف کامیابیوں کو پیش کیا جائے گا۔ وزارت کی جانب سے منگل کو جاری کردہ ایک اعلان کے مطابق راج گھاٹ پر گاندھی درشن کے برسا منڈا لان میں ‘لوک سموردھن پرو’ کے نام سے اس پروگرام کا تصور جامع ترقی کے جشن کے طور پر کیا گیا ہے ۔ اس میں سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس، سب کا پریاس کے نقطہ نظر کے تحت وزارت کی اہم اسکیموں، پروگراموں اور کامیابیوں کو پیش کیا جائے گا۔ اس میں اقلیتی برادریوں، خاص طور پر دستکاروں، کاریگروں اور روایتی ہنرمندوں کو اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کی سمت میں وزارت کی مسلسل کوششوں پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔ یہ نمائش دہلی، پنجاب، ہریانہ، اتراکھنڈ، راجستھان اور اتر پردیش کے 50 سے زائد دستکاروں اور کاریگروں کو اپنے روایتی ہنر کی نمائش اور فروخت کے لیے ایک شاندار پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔
یہ فنکار لاکھ کی چوڑیاں، لکڑی کی پینٹنگز، بلیو پوٹری، کڑھائی، بنارسی زری، پھلکاری، چمڑے کے ہنر، قالین، زیورات اور لکڑی کے نقش و نگار جیسے روایتی فنون اور دستکاری کے سامان کی نمائش لگائیں گے اور ان کی فروخت بھی کریں گے ۔نمائش کے ذریعے انہیں ممکنہ خریداروں سے رابطہ قائم کرنے اور مارکیٹ سے تعلقات استوار کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ اس نمائش میں پی ایم وکاس (پردھان منتری وراثت کا سموردھن)، نیشنل مائنارٹیز ڈیولپمنٹ اینڈ فنانس کارپوریشن (این ایم ڈی ایف سی) کی اسکیموں اور کامیابی کی کہانیوں کی جھلکیاں بھی پیش کی جائیں گی۔ ‘لوک سموردھن پرو’ کے دوران نمائش کے مقام پر ملک کے مختلف حصوں سے آئے لوک فنکار ثقافتی پروگرام بھی پیش کریں گے ۔