حیدرآبادی طالب علم کا کینیڈا میں انتقال

   

قلب پر حملہ موت کی وجہ ‘میت کی حیدرآباد منتقلی کے اقدامات
حیدرآباد 16 ۔ فروری(سیاست نیوز) کینیڈا میں زیر تعلیم حیدرآباد کے ایک نوجوان کا قلب پر حملہ سے انتقال ہوگیا۔ 25 سالہ شیخ مزمل احمد انٹاریو کی واٹر لو کیمپس کے کونیسٹو کالج میں زیر تعلیم تھے۔ ان کا تعلق ٹولی چوکی کے بال ریڈی نگر کالونی سے ہے۔ وہ ڈسمبر 2022 سے ماسٹرس کی تعلیم حاصل کر رہے تھے اور گزشتہ ایک ہفتہ سے شدید بخار میں مبتلا تھے۔ مزمل کے دوستوں نے قلب پر حملہ سے انتقال کی والدین کو اطلاع دی ۔ اسی دوران کینیڈا میں واقع ہندوستانی سفارتخانہ کی جانب سے شیخ مزمل احمد کی میت کو حیدرآباد بھیجنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ وزیر خارجہ جئے شنکر سے مزمل کے والدین نے میت منتقل کرنے کے لئے درخواست کی ہے۔ مزمل احمد کے رشتہ داروں سے سفارتی حکام ربط میں ہیں۔ مزمل کے رشتہ دار محمد امجد نے کہا کہ مکتوب کے جواب میں کینیڈا میں ہندوستانی سفارت خانہ نے ایک رشتہ دار سے ربط قائم کیا اور میت کی حیدرآباد منتقلی کا تیقن دیا۔ فرزند کی اچانک موت سے والدین غم سے نڈھال ہیں اور انہیں میت کی آمد کا انتظار ہے۔ 1