Thursday , July 2 2020

حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کا نام تبدیل کر کے پی وی نرسمہا راؤ یونیورسٹی آف حیدرآباد کیا جائے۔ کے سی آر کی نریندر مودی سے اپیل

حیدرآباد(تلنگانہ): چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی کہ وہ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کو سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کے نام سے موسوم کردیں۔ اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ کے سی آر نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک مکتوب بھی روانہ کیا ہے۔

اس مکتوب میں بتایا گیا ہے کہ ریاست تلنگانہ کی عوام کا شدید مطالبہ ہے کہ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کا نام تبدیل کرتے ہوئے اسے پی وی نرسمہا راؤ سنٹرل یونیورسٹی آف حیدرآباد کیا جائے۔ اس سے قبل وزیر اعلی کے سی آر نے سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کی صد سالہ یوم پیدائش کی تقریب بڑے پیمانہ پر منعقد کی تھی۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں لکھا کہ اگر ہم یہ اقدام کرتے ہیں تو ہم نرسمہا راؤ کو ان کی صد سالہ یوم پیدائش کے موقع پر بڑے پیمانہ پر خراج عقیدت پیش کریں گے۔ پی وی نرسمہا راؤ کی پیدائش 28 جون 1921 ء کو ورنگل ضلع نرسم پیٹ منڈل کے لکنے پلی گاؤں تلنگانہ میں ہوئی تھی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT