حیدرآباد10مئی(یواین آئی) شہر حیدرآباد کے گچی باولی اسٹیڈیم میں عالمی مقابلہ حسن کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ مس ورلڈ کی اس افتتاحی تقاریب میں تلنگانہ کے فن وثقافت کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے نظریہ کے مطابق خوبصورت پروگرام تیار کیاگیا تھا جس سے تلنگانہ کی ثقافت، فن اور روایات کی جھلک نظرآئی۔ افتتاحی تقریب کا آغاز تلنگانہ ریاست کے ترانے سے ہوا جس کو ڈاکٹر آندے سری نے تحریر کیا ہے ۔ اس گیت کو آسکرایوارڈ یافتہ ایم ایم کیراوانی نے کمپوز کیا ہے ۔ مس ورلڈ تقاریب کے موقع پر سرکردہ گلوکار و ٹرینر کے راماچاری کے طلبہ کے 50 ارکان پر مشتمل گروپ نے یہ گیت گایا جس کے بعد پیرینی رقص ہوا جو کاکتیہ دورحکومت سے تلنگانہ میں کلاسیکی رقص کے طور پر مشہور ہے ۔ بعدازاں پروگرام کا آغاز دنیا بھر کی خوبصورت حسیناوں کے تعارف کی علامت کے طور پر جتھے کی جانب سے تلنگانہ کے لوک اور قبائلی رقص کا اہتمام کیا گیا۔ بعدازاں تلنگانہ کی دیہی زندگی کی علامت اوگودولو آرٹ فارم کا مظاہرہ کیاگیا۔ استاد بسم اللہ خان یوتھ ایوارڈ حاصل کرنے والے سی روی کمار ٹروپ کی جانب سے اس آرٹ فارم کا مظاہرہ کیاگیا۔ ریاستی حکومت نے افتتاحی تقریب کو خوبصورتی اور ثقافت کے امتزاج کے طور پر منعقد کیا ہے جس کی کافی پذیرائی ہورہی ہے ۔ان مقابلوں کیلئے موثر سکیوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس تقریب میں شرکت کیلئے محکمہ سیاحت کی جانب سے جاری کردہ پاس رکھنے والوں کیلئے ہی داخلے کی اجازت دی گئی۔ اس ایونٹ میں 300 تا 350 ملازمین پولیس کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ پولیس کے اعلی عہدیدار سکیوریٹی کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ بیرون ممالک سے آنے والے افراد کے سفر کے راستوں ہر ٹریفک اور لا اینڈ آرڈر کے عملے کے اشتراک سے موثرانتظامات کئے گئے ہیں۔