حیدرآباد کے 15 اسمبلی حلقوں سے 10 لاکھ ووٹ ختم کرنے کی تیاری

   

یاقوت پور ہ سے 84,792 ، چندرائن گٹہ سے 81,500 ووٹ حذف ہونے کا اندیشہ
حیدرآباد : /6 اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد کی سیاست اور ووٹرس کیلئے اب تک کی سب سے بڑی اور سنسنی خیز خبر سامنے آئی ہے ۔ حیدرآباد کے تمام 15 اسمبلی حلقوں میں ووٹر لسٹوں کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR 2026) کے تحت تقریباً 10 لاکھ (9,95,000) ووٹرس کے نام ووٹر لسٹ سے منسوخ کرنے کی تیاری کرلی گئی ہے ۔ حیدرآباد ضلع الیکٹورل آفیسر آر وی کرنن نے اینومریشن فارمس کے آن لائن اندراج اور ڈیجیٹلائزیشن رپورٹ کے تفصیلی اعداد و شمار جاری کرکے بتایا کہ حیدرآباد کے جملہ 47,36,669 ووٹرس میں 27,26,665 ووٹر س (57.56 فیصد) کا ڈیجیٹلائزیشن ہوچکا ہے اور 9,95,000 ووٹ خارج ہونے والے ووٹرس کی فہرست میں شامل ہوچکے ہیں ۔ ضلع الیکشن آفیسر کے مطابق حیدرآباد کے تمام 15 اسمبلی حلقوں میں جن 9.95 لاکھ افراد کو غیر حاضر ، منتقل شدہ یا متوفی (ASD) کے زمرے میں ڈال کر موجودہ ووٹر لسٹ سے ہٹایا جارہا ہے ۔ خارج ووٹرس کی فہرست میں اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز سرفہر ست ہے جہاں سے 88,933 ووٹ شامل ہیں ۔ دوسرے نمبر پر حلقہ مشیرآباد ہے جہاں سے 84,917 ووٹ خارج ہوں گے ۔ اس کے بعد حلقہ یاقوت پورہ ہے جہاں 84,792 ووٹ ، اسمبلی حلقہ چندرائن گٹہ سے 81,500 ووٹ ، حلقہ سکندرآباد سے 79,457 ووٹ خارج ہوں گے ۔ سب سے کم ووٹ اسمبلی حلقہ عنبرپیٹ سے 38,208 خارج ہونے کا اندیشہ ہے ۔ الیکشن کمیشن حکام نے انکشاف کیا کہ فیلڈ سروے اور آن لائن ڈیجیٹلائزیشن میں مختلف وجوہات کی بنیاد پر فارمس کو (Non – Collectible) کے تحت رجسٹر کرکے تنسیخ کی فہرست میں ڈالا گیا ہے ۔ وہ ووٹرس جنہوں نے حیدرآباد کے ساتھ اپنے آبائی دیہاتوں اور مقامات کے علاوہ دیگر علاقوں میں ووٹر آئی ڈی تیار رکھی تھی ۔ ملازمت ، کاروبار یا شادیوں کی وجہ سے حیدرآباد کا پرانا مکان اور علاقہ چھوڑ کر دوسری جگہ منتقل ہوجانے والے افراد ۔ اس کے علاوہ انتقال کرگئے افراد کے نام حذف کرنا اور فارم کے ساتھ مناسب شناختی دستاویزات نہ دینا بھی شامل ہے ۔ حکام نے واضح کیا کہ جو ووٹرس واقعی اپنے دئے گئے پتے پر مقیم ہیں لیکن ان کا فارم جمع نہیں ہوسکا وہ /10 اگست سے قبل بی ایل او کے پاس جاکر پتہ اور شناختی ثبوت پیش کریں اور ترمیم کے آپشن کے ذریعے اپنا نام بحال کروائیں ۔ ورنہ حتمی لسٹ سے ان کا نام ہمیشہ کیلئے حذف کردیا جائیگا ۔ 2/y