حیدرآباد و رنگا ریڈی میں چندرا بابونائیڈو کے جلسوں کی تیاری

   


کھمم روڈ شو کی کامیابی سے کیڈر کے حوصلے بلند،صدر تلنگانہ تلگو دیشم گیانیشور کا دعویٰ
حیدرآباد ۔24 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر تلگو دیشم این چندرا بابو نائیڈو کی کھمم میں کامیاب ریالی اور روڈ شو میں تلنگانہ کی اہم سیاسی پارٹیوں میں ہلچل پیدا کردی ہے۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد یوں تو چندرا بابو نائیڈو نے 2018 ء اسمبلی انتخابات میں تلنگانہ کے کئی اضلاع کا دورہ کیا تھا لیکن گزشتہ دنوں کھمم کا دورہ اب تک کا کامیاب دورہ تصور کیا جارہا ہے۔ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے روڈ شو میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور نائیڈو نے ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ میں پارٹی کو متحرک کرنے اور پوری شدت کے ساتھ انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی حیدرآباد اور رنگا ریڈی میں چندرا بابو نائیڈو کے جلسوں کے انعقاد کی تیاری کر رہی ہے ۔ ان دو اضلاع میں آندھرائی ووٹرس کی قابل لحاظ تعداد موجود ہے۔ اسی دوران تلنگانہ تلگو دیشم کے صدر کاشانی گیانیشور نے نائیڈو کی کامیاب ریالی پر بی آر ایس اور کانگریس کی تنقیدوں کو مضحکہ خیز قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم کی طاقت کے مظاہرہ سے دونوں پارٹیاں بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ کاسانی گیانیشور نے کہا کہ تلنگانہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور چندرا بابو نائیڈو نے اپنے دور میں تلنگانہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا تھا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے اسمبلی میں اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ انفارمیشن ٹکنالوجی کی ترقی اور حیدرآباد میں جینیوم ویلی کے قیام کیلئے چندرا بابو نائیڈو کی کاوشوں کا اہم رول ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس میں موجود کئی اہم قائدین تلگو دیشم سے وابستہ رہ چکے ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے پارٹی کے سابقہ قائدین کو دوبارہ واپسی کی دعوت دی ہے۔ گیانیشور نے دعویٰ کیا کہ کھمم کی کامیابی سے دیگر اضلاع میں پارٹی کیڈر کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ ر