حیدرآباد ۔ 11۔ جون (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو نے کہا کہ فیوچر سٹی زون کے تحت 200 ایکر اراضی پر آرٹیفشل انٹلیجنس سٹی قائم کرنے کا منصوبہ ہے ۔ حیدرآباد کے قریب فیوچر سٹی میں قومی اور بین الاقوامی ادارہ اپنے یونٹس قائم کریں گے ۔ سریدھر بابو نے بتایا کہ آرٹیفشل انٹلیجنس سٹی کے ڈیزائن اور ٹکنیکل لے آؤٹ کو قطعیت دینے کے لئے عالمی سطح کے ماہرین سے مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزائننگ کا کام اختتامی مراحل میں ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں سنگ بنیاد تقریب منعقد ہوگی۔ سریدھر بابو کے مطابق تلنگانہ میں ٹکنالوجی ایکو سسٹم کے استحکام میں آرٹیفشل انٹلیجنس سٹی اہم رول ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے دو اداروں نے تلنگانہ میں 2125 کروڑ کی سرمایہ کاری سے اتفاق کیا ہے جس کے تحت 5000 سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ سریدھر بابو نے چھوٹی اور متوسط صنعتوں کے لئے طویل عرصہ سے زیر التواء سبسیڈی کے طور پر 400 کروڑ کی اجرائی کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹی صنعتوں کو جملہ 4700 کروڑ سبسیڈی کی ادائیگی زیر التواء ہے ۔ حکومت مرحلہ وار طور پر سبسیڈی کی رقم جاری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو ٹکنالوجی ہب میں تبدیل کرتے ہوئے نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔1