سنکرانتی کو حیڈرا پولیس اسٹیشن کا قیام، تاحال 5 ہزار سے زیادہ شکایتیں وصول
حیدرآباد ۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) حیڈرا کی جانب سے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے عوامی مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے 6 جنوری سے حیڈرا کے ہیڈآفس بدھابھون میں شکایتی سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے دن حیڈرا کمشنر رنگناتھ عوام سے صبح 10:30 تا دوپہر 2 بجے تک عوام سے راست طور پر شکایتیں وصول کریں گے۔ اس کے علاوہ آئندہ ہفتہ حیڈرا پولیس اسٹیشن بھی دستیاب ہوجانے کا بھی قوی امکان ہے۔ حیڈرا پولیس اسٹیشن کیلئے آج (اتوار) کو احکامات جاری ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔ سنکرانتی تہوار سے حیڈرا پولیس اسٹیشن عوام کو دستیاب ہوجائے گا۔ حیڈرا کی شکایتی سیل کو صول ہونے والی شکایتوں کو 10 دن میں حل کرنے کی منصوبہ بندی تیارکی جارہی ہے۔ تالابوں اور نالوں کو غیرقانونی قبضوں سے محفوظ رکھنے کیلئے حیڈرا کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور اس پر حیڈرا کی جانب سے خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ قانونی تنازعات سے پاک شکایتوں کو حل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے حیڈرا پولیس اسٹیشن کے قیام کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد سے تمام ضروری کاموں کو پورا کیا جارہا ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ حیڈرا کے شکایتی پروگرام ہر پیر کو ایک مرتبہ انعقاد کرنے اور تمام اہم محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کو ایک ہی مقام پر دستیاب رکھتے ہوئے عوامی شکایت سننے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ بالخصوص اس پروگرام میں نالوں، تالابوں کے قبضوں کے علاوہ دیگر بے قاعدگیوں کی شکایتوں کی سماعت کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔ ڈسمبر میں ہی شکایتی پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ تاہم اس میں کسی قدر تاخیر ہوگئی۔ حیڈرا پولیس اسٹیشن میں ڈی ایس پی سطح کے عہدیدار کے ساتھ سرکل انسپکٹرس، سب انسپکٹرس کی خدمات فراہم کی جارہی ہے۔ حیڈرا کو تالابوں، نالوں پر قبضوں سے متعلق جو بھی شکایتیں وصول ہوں گی اس پر فوری ردعمل کا اظہار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حیڈرا کے قیام سے تاحال پانچ ہزار سے زیادہ شکایت وصول ہوئی، جس میں بیشتر شکایتیں شہر کے مضافاتی علاقوں سے وصول ہوئی ہیں۔ لہٰذا شکایتی پروگرام میں ان علاقوں کے مقامی ایم آر اوز اور محکمہ مال کے عہدیدار شرکت کرنے کے امکانات ہیں۔2