خاتون کو تھپڑ مارنے والے وزیر کیخلاف مظاہرہ

   


بنگلورو پولیس نے کانگریس کے کئی کارکنوں کو حراست میں لیا
بنگلورو: کرناٹک کے ’تھپڑباز‘ وزیر برائے رہائش وی سومنّا کے خلاف احتجاجی مظاہرہ شروع ہو گیا ہے۔ بنگلورو میں پیر کے روز کانگریس قائدین اور کارکنوں نے سڑک پر اترکر وزیر وی سومنّا کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا۔ مظاہرہ کر رہے کئی کانگریس قائدین اور کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ کانگریس کا مطالبہ ہے کہ ملزم وزیر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔خاتون کو تھپڑ مارے جانے کا یہ واقعہ 22 اکتوبر کا بتایا جاتا ہے جس کی ویڈیو تیزی کے ساتھ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر وائرل ہو گئی۔ الزام ہے کہ سومنّا نے گنڈلوپیٹ میں ایک خاتون کو تھپڑ مارا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ خاتون مکان سے متعلق اپنی شکایت لے کر رہائشی وزیر کے پاس پہنچی تھی اور اپنے لیے انصاف کا مطالبہ کر رہی تھی۔ سومنّا نے اس خاتون کی پوری بات سننے کی جگہ اسے تھپڑ لگا دیا۔ حالانکہ اس تھپڑ کے بعد بھی خاتون نے وزیر کے پیر چھوئے اور انصاف کے لیے التجا کرتی ہوئی دکھائی دی۔