خشوگی قتل: سعودی عرب کیلئے امریکہ کی حمایت

,

   

 

واشنگٹن۔: امریکہ نے کہا ہے کہ صحافی جمال خشوگی کے قتل کی تحقیقات میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے وہ سعودی عرب کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گا تاکہ اس معاملہ میں تمام فریقوں کو انصاف دلایا جاسکے ۔امریکی وزارت خارجہ کے ایک سینئر افسر نے صحافیوں سے یہ بات کہی۔اس سے پہلے پیر کو سعودی عرب کی ایک عدالت نے ’ واشنگٹن پوسٹ‘ کے صحافی جمال خشوگی کے قتل کے معاملہ میں پانچ افراد کو موت کی سزا سنائی۔

خشوگی کا گزشتہ سال ترکی کے دارالحکومت استنبول میں واقع سعودی سفارت خانے میں قتل کر دیا گیا تھا۔امریکی اہلکار نے کہا کہ اس خوفناک جرم کیلئے ذمہ دار لوگوں کو پکڑنے کیلئے آج کا فیصلہ ایک اہم قدم تھا۔ ہم نے مسلسل سعودی عرب کو اس معاملہ میں ایک منصفانہ اور شفاف عدالتی عمل کو شروع کرنے کے لئے ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ہے ، اور ہم ایسا کرنا جاری رکھیں گے۔سعودی عرب کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل ’الاخباریہ‘ نے بتایا کہ اس معاملہ میں تین دوسرے لوگوں کو 24-24 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے ۔ تمام سزا یافتہ لوگ اس فیصلہ کے خلاف اوپری عدالت میں اپیل کر سکتے ہیں۔