خلائی تحقیق کے فوائد غریبوں تک پہنچانے کی ضرورت: ڈاکٹر سوندرا راجن

   

ہندوستان میں خلائی تحقیق پر سمینار، اسرو کے سابق صدرنشین اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد۔21۔ جنوری (سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے خلائی تحقیق کے فوائد غریب عوام تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ خلائی شعبہ میں تحقیق کا مقصد غریبوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہونا چاہئے ۔ انہوں نے خلائی تحقیق کو مزید توسیع دینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ کسی بھی تحقیق کے نتائج سے انسانیت کو فائدہ ہونا چاہئے ۔ ریاستی گورنر ہندوستان میں خلائی تحقیق کے حالیہ رجحانات پر سمینار کا افتتاح کر رہی تھیں۔ اکیڈیمی آف سائنس اینڈ ٹکنالوجی اور نیشنل اکیڈیمی آف سائنس انڈیا نے مشترکہ طورپر سمینار کا اہتمام کیا تھا۔ گورنر نے کہا کہ گزشتہ 8 برسوں میں وزیراعظم نریندر مودی کی دور اندیش قیادت کے سبب خلائی تحقیق پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ انہوں نے ہندوستانی خلائی سائنسدانوں کی ستائش کی اور کہا کہ ہندوستان کو خلائی سائنس کے شعبہ میں خود مکتفی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ گورنر نے کہا کہ خلائی شعبہ میں ہندوستان کو دنیا کی قیادت کے موقف میں ہونا چاہئے ۔ اسرو کے سابق صدرنشین ڈاکٹر اے ایس کرن کمار ، سکریٹری وزارت ارتھ سائنسیس ڈاکٹر ایم روی چندرن ، سی سی ایم بی کے سابق ڈائرکٹر ڈاکٹر سی ایچ موہن راؤ ، این جی آر آئی کے ڈائرکٹر ڈاکٹر پرکاش کمار کے علاوہ سی ایل نرسمہا راؤ اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے ۔ر