واشنگٹن ۔ 7 نومبر (ایجنسیز) امریکی ریاست یوٹاہ سے تعلق رکھنے والی 15 سالہ لڑکی کو اغواء کے 500 روز سے زائد عرصے بعد آن لائن گیم کے ذریعہ مدد حاصل کرنے پر بازیاب کروا لیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق 15 سالہ کائلی اریلیانو کو 39 سالہ ایڈم ہنٹر ہارمل نے اغواء کر کے ریاست اوریگن کے شہر ہنٹنگٹن میں اپنے گھر کے تہہ خانے میں قید کر رکھا تھا جہاں اسے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا اور گھر سے باہر جانے کی اجازت نہیں تھی۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ملزم نے مئی 2025ء میں لڑکی سے آن لائن رابطہ کیا اور اسے رقم دینے کا لالچ دے کر اوریگن آنے پر آمادہ کیا، 29 مئی کو وہ لڑکی کو لینے یوٹاہ پہنچا اور راستے میں اس کا موبائل فون دریا میں پھینک دیا۔ ملزم نے لڑکی کو گھر کے تہہ خانے میں قید رکھا اور بعد ازاں اسے ایسا موبائل فون دیا جس میں موبائل نیٹ ورک کی سہولت موجود نہیں تھی تاہم وہ وائی فائی کے ذریعہ انٹرنیٹ استعمال کر سکتی تھی۔