خوفناک سڑک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق

   

عادل آباد جامع مسجد کمیٹی صدر عبدالمعز الدین کے بشمول 3 بچے بھی مہلوکین میں شامل

عادل آباد۔ یکم ؍ اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عادل آباد ضلع گوڈی تہنور منڈل میکلا گنڈی کے پاس کل شب پیش آئے بھیانک سڑک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد بشمول تین معصوم بچے ہلاک ہوگئے۔ دیگر تین افراد کو بغرض علاج مستقر عادل آباد کے رمس سرکاری دواخانہ میںشریک کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق عادل آباد جامع مسجد انتظامی کمیٹی کے صدر عبدالمعز الدین اپنے افراد خاندان کے ساتھ نرمل ضلع کے بھینسہ مستقر کے دینی مدرسہ میں جہاں ان کے نواسہ نے حفظ کی تکمیل کی تھی ۔ اس ضمن میں اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں شرکت کے بعد وہ عادل آباد واپس ہو رہے تھے کہ قومی شاہراہ 44 میکلا گنڈی کے پاس گاڑی کا توازن کھونے کے سبب گاڑی روڑ ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ حادثہ انتہائی خطرناک تھا کہ سواری کے پرخچے اُڑ گئے اور جامع مسجد انتظامی کمیٹی صدر ایم اے معزالدین عمر 65 سال ان کے داماد خواجہ معین الدین عمر 40 سال، محمد عثمان عمر 11 سال، محمد علی 5 سال، فرید الدین 13 سال کی برسر موقع موت واقع ہوگئی جبکہ ایم اے معز الدین کی دختر عافیہ آفرین 35 سال اور نواسی اقراء آفرین عمر 4 سال دواخانہ میں زیر علاج ہیں۔ جامع مسجد انتظامی کمیٹی و عادل آباد عیدگاہ و قبرستان کمیٹی صدر کے حادثہ کا شکار ہونے کی اطلاع مستقر عادل آباد کے علاوہ دیگر مقامات پر برق رفتاری کے ساتھ پھیل گئی۔ نماز جنازہ ایم اے معز الدین کے فرزند ایم اے اسلم نے میدان عیدگاہ میں پڑھائی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ معز الدین اپنی خوش مزاجی و ملنساری کے بنا کافی مقبول تصور کئے جاتے تھے جو زائد از 20 سال سے عادل آباد جامع مسجد انتظامی کمیٹی کی ذمہ داری بخوبی انجام دے رہے تھے۔