داعش کے 155 ارکان اور ہمدردوں کی گرفتاری : کشن ریڈی

,

   

نئی دہلی ۔25 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) وزارت داخلہ نے منگل کو کہا کہ ممنوعہ دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس ) کے 155ارکان اور ہمدردوں کو ملک کے مختلف مقامات پر گرفتار کیا گیا ہے ۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بعض ریاستوں میں چند افراد کے انفرادی طورپر آئی ایس میں شامل ہونے کی مثالیں ہیں ۔ مرکزی و ریاستی سکیورٹی ایجنسیوں کے علم میں آئی ہیں۔ نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی ( این آئی اے ) اور ریاستی پولیس فورسیس نے آئی ایس کے ارکان اور ہمدردوں کے خلاف مقدمات درج کئے ہیں۔ مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی نے لوک سبھا کو دیئے گئے تحریری جواب میں بتایا کہ تاحال ملک بھر میں ایسے 155 افراد گرفتار کئے گئے ہیں۔ اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس ) یا داعش کو غیرقانونی سرگرمیوں کے انسداد سے متعلق 1967 ء کے قانون کے تحت ممنوعہ تنظیم قرار دیا گیا ہے ۔