درگاہ یوسفین ؒ کے انتظامات وقف بورڈ کی نگرانی میں

   


حیدرآباد۔ تلنگانہ وقف بورڈ نے درگاہ حضرات یوسفین ؒ کے انتظامات کو اپنی راست نگرانی میں لے لیا ہے۔ چیف ایکزیکیٹو آفیسر شاہنواز قاسم کے احکامات کے تحت انتظامات کو وقف بورڈ کے عہدیداروں نے اپنی نگرانی میں حاصل کرتے ہوئے تمام اہم خدمات کی نگرانی سنبھال لی ہے۔ واضح رہے کہ وقف بورڈ نے عارضی متولی کا تقرر کیا تھا جن کی میعاد جاریہ ماہ کے اوائل میں ختم ہوچکی ہے۔ وقف بورڈ کے گذشتہ اجلاس میں نئے متولی کے تقرر یا پھر موجودہ عارضی متولی کی میعاد میں توسیع سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکا تاہم چیف ایکزیکیٹو آفیسر نے انتظامات کو بورڈ کی راست نگرانی میں لینے کا حکم دیا جسکے بعد وقف انسپکٹر اور دیگر عہدیداروں نے انتظامات کا جائزہ حاصل کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ بورڈ کے اجلاس میں اس فیصلہ کی توثیق کی جائیگی۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے زائرین کیلئے بہتر انتظامات کی فراہمی کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی جانب سے تمام درگاہوں میں بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ درگاہ حضرات یوسفین ؒکے سابق متولی کی برخواستگی کے بعد سے عارضی متولی فینانشیل پاورس کے بغیر خدمات انجام دے رہے تھے۔