اندرون دو ہفتہ کاموں کی تکمیل پر رپورٹ پیش کرنے محکمہ آبرسانی کی ہدایت
حیدرآباد۔26۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) مانسون کی آمد سے قبل دونوں شہرو ںحیدرآبادو سکندرآباد کے حدود میں موجود مین ہولس کی صفائی اور مرمت کے کاموں کو یقینی بنایا جائے اور اندرون دو ہفتہ ان کی کاموں کی تکمیل کی رپورٹ محکمہ آبرسانی کو پیش کی جائے۔منیجنگ ڈائریکٹر محکمہ آبرسانی مسٹر سی سدرشن ریڈی نے گذشتہ یوم اپنے ماتحت عہدیداروں کے ہمراہ مانسون کی آمد کے سلسلہ میں جاری تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ دونوں شہروں میں جن مقامات پر بارش کے ساتھ ہی پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہورہی ہیں ان مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے پانی کی نکاسی کے اقدامات کئے جائیں علاوہ ازیں جہاں کہیں محکمہ آبرسانی کے مین ہولس اور ڈھکن کی مرمت درکار ہے فوری طور پر اس کی مرمت کے اقدامات کئے جائیں تاکہ موسم باراں کے دوران کسی بھی طرح کا کوئی حادثہ نہ ہو۔مسٹر سدرشن ریڈی نے بتایا کہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے حدود میں پانی کی نکاسی کے سلسلہ میں اقدامات کی ہدایت جاری کرنے کے ساتھ ساتھ عہدیداروں کو اس بات کی بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں درکار اوزار اور دیگر اشیاء کی خریداری کے معاملہ میں کوتاہی نہ کریں بلکہ موسم باراں کی آمد سے قبل برساتی پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔انہو ںنے عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران انہیں ہدایت دی کہ وہ ڈویژن واری اساس پر شہر کے تمام مین ہولس کی تفصیلات انہیں پیش کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی بھی گلی کوچہ میں بھی بارش کے پانی کے جمع ہونے کی شکایات موصول نہ ہوں بلکہ پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔مسٹر سدرشن ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد میٹروپولیٹین واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجرس اپنے اپنے علاقوں میں موجود مین ہولس کے متعلق رپورٹ کی تیاری کے علاوہ گہرے مین ہولس کے قریب خطرہ کے بورڈ آویزاں کرتے ہوئے کسی بھی طرح کے حادثات سے محفوظ رکھنے کے لئے مین ہول کے اطراف لوہے کے گرل نصب کرنے کے اقدام کریں۔3