دھامی کی عوام سے یومِ آزادی پر اپنے گھروں میں ترنگا لہرانے کی اپیل

   

دہرادون، 9 اگست (یواین آئی) اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے اتوار کو دہرادون کے گاندھی پارک میں منعقدہ ‘ہر گھر ترنگا’ یاترا میں شرکت کی۔پروگرام کے آغاز سے قبل انہوں نے گھنٹہ گھر میں اتراکھنڈ تحریک کے رہنما آنجہانی اندرمنی بڑونی اور بھارت رتن ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسموں پر پھول چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد انہوں نے گاندھی پارک سے گھنٹہ گھر تک ہزاروں شہریوں کے ساتھ پیدل ترنگا یاترا میں شرکت کی۔ اس موقع پر ریاست کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یومِ آزادی پر اپنے اپنے گھروں میں ترنگا لہرانے اور حب الوطنی کے جذبے کو ہمیشہ روشن رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے ترنگے کو کروڑوں ہندوستانیوں کے وقار اور خودداری کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دیوبھومی کے ذرے ذرے میں حب الوطنی بسی ہوئی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان ‘میک اِن انڈیا’، ڈیجیٹل انقلاب اور دیسی ٹیکنالوجی کی طاقت کے بل پر عالمی طاقت اور خود کفالت کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے بھارتی فوج کے بڑھتے حوصلے ، سرجیکل اسٹرائیک اور آپریشن سندور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اب دفاعی شعبے میں برآمد کنندہ بن چکا ہے ۔ اتراکھنڈ کو دیوبھومی کے ساتھ ساتھ ویر بھومی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست کے تقریباً ہر دوسرے خاندان کا بیٹا سرحد پر تعینات ہے اور ریاستی حکومت اپنے بہادر جوانوں، سابق فوجیوں اور شہید خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے ۔

یوم آزادی سے قبل بی ایس ایف کی سائیکل ریالی
جالندھر، 9 اگست (یو این آئی) ملک کے 80ویں یوم آزادی کے موقع پر بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) پنجاب فرنٹیئر نے اتوار کو جالندھر میں فرنٹیئر ہیڈ کوارٹر میں ‘ہر گھر ترنگا’ مہم کے تحت ایک سائیکل ریلی کا انعقاد کیا۔ بی ایس ایف کے جوانوں اور ان کے اہل خانہ سمیت 200 سے زیادہ شرکاء نے ریلی میں جوش و خروش سے حصہ لیا۔ریلی کو حب الوطنی کے ماحول میں انسپکٹر جنرل (آئی جی)، بی ایس ایف پنجاب فرنٹیئر ڈاکٹر اتل فلزلے نے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ، انہوں نے قومی یکجہتی، فعال شہری شرکت اور قوم کی تعمیر میں اجتماعی شمولیت کے ذریعے حب الوطنی کے جذبے کو تقویت دینے کی اہمیت پر زور دیا ۔بی ایس ایف کیمپس کے اشونی اسٹیڈیم سے شروع ہونے والی سائیکل ریلی جالندھر کے اہم مقامات سے گزری۔ شرکاء نے یوم آزادی کی اہمیت اور قومی پرچم، ترنگے کے احترام کی ضرورت کے بارے میں عوام میں بیداری پیدا کی۔