حیدرآباد۔ 11 مئی (سیاست نیوز) موسم گرما عروج پر ہے اور ایسے میں فرائض کی انجام دہی کے لئے ٹریفک پولیس کی خدمات کا ہر شہری اعتراف کئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ دھوپ کی شدت کے باوجود ٹریفک پولیس کے عہدیدار بالخصوص کانسٹبلس اور ہوم گارڈس ٹریفک کو باقاعدہ بنانے میں منہمک دکھائی دیتے ہیں۔ سوشل میڈیا اور اخبارات میں شدید دھوپ میں کسی سہارے اور سہولت کے بغیر خدمات انجام دینے والے پولیس کانسٹبلس کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوئے جس کے بعد اعلیٰ عہدیداروں نے فوری توجہ مرکوز کی دھوپ سے بچاؤ کے لئے ہیٹ (ٹوپی) کا انتظام کیا تاکہ دھوپ سے بچتے ہوئے فرائض انجام دیئے جاسکیں۔ پولیس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے سابق میں ٹریفک عملہ کو لو لگنے سے بچاؤ کے لئے بٹر ملک اور پانی کا انتظام کیا تھا لیکن اس موسم گرما میں ایسی کوئی سہولت دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ شدید دھوپ میں ٹریفک کانسٹبلس اور ان کے تحت موجود ہوم گارڈس شہر کے اہم چوراہوں پر ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے میں مصروف ہیں۔ اہم چوراہوں پر ٹریفک پولیس کے لئے خصوصی سائبان موجود تھا لیکن اب موجودہ سائبان استعمال کے قابل نہیں رہے۔ ٹریفک پولیس عملہ کو محض ٹوپی کی فراہمی کافی نہیں ہے بلکہ انہیں گرمی اور لو سے بچاؤ کے لئے ضروری مشروبات بھی فراہم کئے جائیں تو وہ اپنی خدمات بہتر طور پر انجام دے سکیں گے۔ 1