پرویش ورما کا نام سر فہرست ،وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کے بعد حلف برداری کا امکان
نئی دہلی : دہلی کے انتخابی نتائج کے بعد بی جے پی نے دارالحکومت میں حکومت بنانے کیلئے جلد ہی وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ نئے چیف منسٹر کے نام پر فیصلہ لے سکتے ہیں۔ سب سے پہلے تو ہر کوئی جاننا چاہتا ہے کہ دہلی کا اگلا وزیراعلیٰ کون ہوگا؟ اگر ہم گزشتہ 25 سال کی تاریخ پر نظر ڈالیں تو دہلی کے وزیراعلیٰ ہمیشہ سے ہی نئی دہلی کی سیٹ جیتنے والے ایم ایل اے رہے ہیں۔ پہلے شیلا دکشت اور پھر اروند کجریوال اس سیٹ سے ایم ایل اے بنے۔ اگر اس نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو کجریوال کو شکست دینے والے پرویش ورما کو اگلا وزیر اعلی بنایا جا سکتا ہے۔ تاہم اگر ہم بی جے پی کے مستقبل کے سیاسی منصوبوں پر نظر ڈالیں تو کسی مشرقی یا سکھ چہرے کو بھی دہلی کا وزیراعلیٰ بنایا جا سکتا ہے۔ ایم پی منوج تیواری کو دہلی کا وزیر اعلی بنا کر وزیر اعظم مودی پوروانچل کے ووٹ بینک کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ تاہم بی جے پی آنے والے وقت میں پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی حکومت کو ختم کرنے کا منصوبہ بھی بناسکتی ہے۔ اس حوالے سے کسی سکھ چہرے کو بھی وزیراعلیٰ بنایا جا سکتا ہے۔ راجوری گارڈن کے ایم ایل اے مجندر سنگھ سرسا یا گاندھی نگر کے ایم ایل اے ارویندر سنگھ لولی، جو کانگریس سے بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں انہیں بھی چیف منسٹر بنایا جا سکتا ہے۔دہلی میں حلف برداری کب ہوگی؟ مرکزی زیر انتظام علاقہ ہونے کی وجہ سے دہلی کو وزیر اعلیٰ کے نام کے لیے صدر جمہوریہ ہند کی منظوری درکار ہوتی ہے۔ ایک بار جب پارٹی وزیر اعلیٰ کیلئے کسی نام کا فیصلہ کر لیتی ہے، تو ہندوستان کے صدر لیفٹیننٹ گورنر کے مشورے پر چیف منسٹرکا تقرر کرتے ہیں۔ اس عمل میں 2 سے 3 دن لگ سکتے ہیں۔ دوسری جانب وزیر اعظم مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت پر بھی تجسس برقرار ہے کیونکہ مودی کو 12 اور13 فروری کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ اہم ملاقات کے لئے امریکہ جانا ہے۔ اس سے قبل وہ فرانس کا دورہ بھی کریں گے۔ مانا جا رہا ہے کہ یہ حلف برداری تقریب وزیر اعظم مودی کے امریکہ سے واپس آنے کے بعد ہوگی۔