نئی دہلی : دہلی اسمبلی انتخابات کے ابتدائی رجحانات میں کانگریس اگرچہ کہیں نظر نہیں آرہی ہے ، لیکن پارٹی کی خواتین تنظیم کی قومی سربراہ اور کالکاجی اسمبلی حلقہ سے کانگریس کی امیدوار الکا لامبا نے کہا ہے کہ انتخابات کے رجحانات کچھ بھی ہوں لیکن دہلی کے گنہگاروں کو عوام معاف نہیں کریں گے ۔ عام آدمی پارٹی کے رہنما اروند کیجریوال کا نام لئے بغیر، لامبا نے کہا کہ میں آج صبح سب سے پہلے کالکاجی مندر گئی تھی۔ مجھے نہیں معلوم کہ دہلی میں کس کا فائدہ ہو رہا ہے اور کس کا نقصان، لیکن میں جانتی ہوں کہ دہلی کے لوگ دہلی کے گنہگاروں کو معاف نہیں کریں گے ۔ جس نے دہلی کو نقصان پہنچایا ہے وہ نقصان اٹھا رہا ہے ، یہ یقینی ہے ۔ دریں اثنا، کانگریس لیڈر راشد علوی نے دہلی اسمبلی انتخابات کے رجحانات پر کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور غلطیاں ہو سکتی ہیں۔ دہلی اسمبلی انتخابات کو لے کر کانگریس میں کمی رہی ہے اور ہم اسے قبول کرتے ہیں۔ بی جے پی کے الزام پر انہوں نے کہا کہ اس پارٹی کی کوئی مہم اس وقت تک مکمل نہیں ہوتی جب تک گاندھی خاندان کو برا نہیں کہا جاتا۔