دیرینہ جگری دوستوں چندرا بابو۔ ناگم جناردھن ریڈی کی ملاقات، دونوں قائدین جذباتی ہوگئے، صحت کا خیال رکھنے ناگم کو مشورہ

   

حیدرآباد۔/14 مارچ، ( سیاست نیوز) دو دیرینہ جگری دوستوں کی جذباتی ملاقات کا منظر آج آندھرا پردیش اسمبلی کے احاطہ میں دیکھا گیا جب چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو سے سابق وزیر ناگم جناردھن ریڈی نے ملاقات کی۔ تلگودیشم پارٹی میں دونوں طویل عرصہ تک ساتھ رہے اور ناگم کا شمار بابو کے بااعتماد رفقاء میں ہوتا رہا۔ تلگودیشم جس وقت اپوزیشن میں تھی جناردھن ریڈی پارٹی کے ڈپٹی لیڈر تھے۔ اوبلا پورم کانکنی کے خلاف متحدہ آندھرا پردیش میں تلگودیشم کے احتجاج پر مقدمات درج کئے گئے تھے۔ وجئے واڑہ کی عدالت میں فیصلہ کے وقت جناردھن ریڈی حاضر ہوئے۔ عدالت نے مقدمہ کو کالعدم کردیا۔ ناگم نے اسمبلی پہنچ کر دیرینہ رفیق چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی۔ طویل عرصہ کے بعد اس ملاقات کے موقع پر دونوں جذباتی ہوگئے۔ بابو نے کہا ’ناگم گارو کیسے ہو، آپ کی صحت کیسی ہے، ملاقات کو کافی عرصہ ہوگیا، بچے کیا کررہے ہیں ‘۔ افراد خاندان کے بارے میں پوچھنے کے بعد بابو نے صحت کا خیال رکھنے کا مشورہ دیا۔ دونوں نے سیاسی زندگی کی پرانی یادوں کو تلگودیشم قائدین سے شیئر کیا۔ چوتھی مرتبہ چندرا بابو کے چیف منسٹر بننے پر ناگم جناردھن ریڈی نے مسرت کا اظہار کیا۔ بابو نے کہا کہ وہ تلگو ریاستوں کی ترقی اور عوام کی بھلائی کے حق میں ہیں۔1