دیسی صنعتوں کو 5 سال میں 4 لاکھ کروڑ کے آرڈر:راجناتھ

,

   

نئی دہلی: وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ملک کی دفاعی ضرورتوں کیلئے دیگر ملکوں پر منحصر نہیں رہ سکتا، لہٰذا دفاعی پیداوار میں دیسی صنعتوں کو فروغ دینے کیلئے اگلے پانچ سے سات برسوں میں اندرون ملک تقریباً چار لاکھ کروڑ روپیے کے آرڈر دیئے جائیں گے ۔ راجناتھ نے یہاں ’’آتما نربھر بھارت ہفتہ ‘‘ تقریب میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے حصہ لیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی کیلئے سکیورٹی پہلی ترجیح ہوتی ہے ۔ سب جانتے ہیں جو قومیں خود اپنے دفاعی ساز و سامان بنانے کی اہل ہیں وہی عالمی سطح پر اپنی مضبوط شبیہ بنا پائے ہیں۔ ایسے میں ہندوستان بھی اپنی دفاعی ضرورتوں کو پورا کرنے کیلئے غیرملکی حکومتوں، غیر ملکی سپلائی کرنے والوں، غیر ملکی دفاعی ساز و سامان پر منحصر نہیں رہ سکتا۔ یہ مضبوط اور ’’آتما نربھر بھارت‘‘ کے مقاصد اور جذبات کے مطابق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیفنس پروڈکشن میں دیسی صنعتوں کو فروغ دینے کیلئے حکومت نے 101ایٹمس کی منفی فہرست جاری کی ہے ۔ ان اشیاء کو درآمد نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ایک طرف کنٹرولڈ پرائس سسٹم کی حدوں کو دور کرے گا، وہیں اس سے کارپوریٹ مینجمنٹ اور مؤثر نظام کا فائدہ ملے گا۔