ممبئی، 3 جولائی (یو این آئی) مہاراشٹر حکومت اور ممبئی پولیس نے اس بات کی تردید کی ہے کہ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی سابق مینیجر اور مشہور شخصیت دیشا سالیان کا 2020 میں قتل یا عصمت دری کی گئی تھی۔ پولیس اپنے پانچ سال پرانے موقف پر قائم ہے ، جسے شیو سینا (ادھو گروپ) کے ایم ایل اے آدتیہ ٹھاکرے کے لیے ایک بڑی راحت سمجھا جا رہا ہے ۔ دیشا کے والد نے بامبے ہائی کورٹ میں ایک عرضی دائر کی تھی، جس میں اس کیس کی خصوصی تفتیشی ٹیم یا سی بی آئی سے تفتیش کرنے کے لیے عدالت سے منظوری مانگی گئی تھی۔ پٹیشن کے جواب میں مالونی پولس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر شیلیندر ناگرکر نے بدھ کو ایک حلف نامہ داخل کرتے ہوئے کہا کہ سی بی آئی کو تحقیقات سونپنے اور مبینہ جرم کی دوبارہ تفتیش کے لیے مقرر کردہ ایس آئی ٹی کے خلاف کارروائی کرنے کی درخواست کو خارج کر دیا جائے ۔