راجیو یووا وکاسم اسکیم :پہلے مرحلے میں تمام درخواست گزاروں کو قرض دینے کا فیصلہ

   

2 جون کو 5 لاکھ اہل افراد میں قرض دستاویزات کی فراہمی ، 50 ہزار کے قرض کیلئے صدفیصد سبسڈی
حیدرآباد۔ 23 مئی (سیاست نیوز) ریاستی حکومت نے راجیو یووا وکاسم اسکیم کے تحت پہلے مرحلے میں اندرون ایک لاکھ روپئے کا قرض منظور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 2 جون کو اہل 5 لاکھ افراد کو قرض منظوری کے دستاویزات جاری کئے جائیں گے۔ زمرہ 1 اور 2 کے یونٹس کو پہلے قرض منظور کیا جائے گا۔ ایک لاکھ 32 ہزار اہل استفادہ کنندگان کو فوری قرض جاری کیا جائے گا۔ اس کیلئے 1,100 کروڑ روپئے کی ضرورت ہوگی۔ حکومت نے ان دو زمروں کے اہل افراد کو پہلے مرحلے میں ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے، مابقی زمروں کے افراد کو دوسرے اور تیسرے مرحلے میں خودروزگار یونٹس منظور کئے جائیں گے۔ اس اسکیم کے تحت مختلف زمروں میں وصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد کے تعلق سے یونٹس منظور کرنے کیلئے فلاحی بہبود کے محکمے تیاریوں میں مصروف ہیں۔ واضح رہے کہ راجیو یووا وکاسم اسکیم کے ذریعہ جملہ 16.23 لاکھ درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ ضلع کلکٹرس کی جانب سے مئی کے اواخر تک اہل افراد کا انتخاب کیا جائے گا۔ حکومت نے اس اسکیم کیلئے ماہانہ 2,000 کروڑ روپئے کے حساب سے 3 مرتبہ 6,000 روپئے خرچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ زمرہ 1 یونٹس کے سواء مابقی زمرے 2، 3 اور 4 یونٹس کیلئے بینک لنک ضروری ہے۔ زمرہ 1 اور 2 کیلئے کم درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ ان دو زمروں کیلئے حکومت نے 2.8 لاکھ درخواست گزاروں کو شامل کرنے کا اندازہ لگایا ہے۔ پہلے مرحلے میں 2 ہزار کروڑ روپئے کی ضرورت ہے۔ زمرہ 1 کے تحت اندرون 50 ہزار روپئے کے قرض 100% گرانٹ ہوگی۔ زمرہ 1 میں ایک لاکھ 58 ہزار افراد کو قرض دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، لیکن 39,401 درخواستیں وصول ہوئیں۔ زمرہ 2 میں 50 ہزار تا ایک لاکھ روپئے تک 1.22 لاکھ افراد کو قرض دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا، مگر صرف 93,233 درخواستیں ہی وصول ہوئیں۔ حالیہ منعقدہ جائزہ اجلاس میں ان دونوں زمروں کے تمام اہل درخواست گزاروں کو قرض دینے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔2