راج بھون اور پرگتی بھون میں کشیدگی میں اضافہ کا اندیشہ

,

   

گورنر کو یوم جمہوریہ تقریر روانہ نہیں کی گئی، پریڈ گراؤنڈ کے بجائے راج بھون تک تقریب محدود ہوگی
چیف منسٹر کی شرکت غیریقینی

حیدرآباد۔20۔ جنوری (سیاست نیوز) اب جبکہ یوم جمہوریہ کے لئے صرف 6 دن باقی ہیں، تلنگانہ حکومت نے ابھی تک گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن کو یوم جمہوریہ کی تقریر روانہ نہیں کی ہے۔ راج بھون اور پرگتی بھون کے درمیان کشیدگی میں اضافہ کا اندیشہ ہے۔ عام طور پر حکومت کی جانب سے یوم جمہوریہ کے موقع پر خطاب کیلئے گورنر کو تقریر روانہ کی جاتی ہے۔ تلنگانہ میں ترقی اور حکومت کی پالیسیوں کی تفصیلات پر مبنی تقریر تیار کی جاتی ہے جسے گورنر یوم جمہوریہ کے موقع پر پڑتی ہیں۔ حکومت کی کارکردگی میں گورنر کی مبینہ رکاوٹ اور بلز کی منظوری میں تاخیر سے ناراض کے سی آر حکومت نے راج بھون کو ہر طرح سے نظر انداز کردیا ہے ۔ مروجہ طریقہ کار کے مطابق یوم جمہوریہ سے ایک ہفتہ قبل گورنر کو حکومت کی جانب سے تیار کردہ تقریر کی نقل روانہ کردی جاتی ہے ، اس مرتبہ حکومت کی سردمہری کے نتیجہ میں راج بھون کے ساتھ کشیدگی شدت اختیار کرسکتی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ گورنر نے حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے یوم جمہوریہ تقاریب کی تفصیلات اور تقریر کی کاپی روانہ کرنے کی خواہش کی تھی لیکن آج تک حکومت کی جانب سے جواب نہیں دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 15 دن گزرنے کے باوجود بھی حکومت کی خاموشی ایک نئے تنازعہ کا سبب بن سکتی ہے۔ گزشتہ سال گورنر نے راج بھون میں یوم جمہوریہ کے موقع پر پرچم کشائی انجام دی تھی کیونکہ حکومت نے پریڈ گراؤنڈ پر روایتی تقریب کے انعقاد سے گریز کیا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے راج بھون میں یوم جمہوریہ تقاریب میں شرکت نہیں کی تھی۔ اس طرح راج بھون اور پرگتی بھون میں دوری کو ایک سال مکمل ہونے کو ہے۔ گزشتہ سال گورنر نے اپنے طور پر تیار کردہ تقریر کو پڑھاتا۔ گورنر سوندرا راجن نے تقریر کی تیاری کیلئے حکومت سے تفصیلات طلب کی لیکن عہدیداروں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ اندیشہ ہے کہ اس مرتبہ بھی یوم جمہوریہ تقریب راج بھون تک محدود رہے گی اور چیف منسٹر کے سی آر شریک نہیں ہوں گے۔ گورنر کو اپنے طور پر تیار کردہ تقریر کو پڑھنا پڑے گا۔ گورنر اور چیف منسٹر نے 2019 ء اور 2020 ء میں پریڈ گراؤنڈ پر یوم جمہوریہ تقاریب میں شرکت کی تھی۔ اطلاعات کے مطابق گورنر نے مرکزی حکومت کو تلنگانہ کے رویہ کے بارے میں شکایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع کے دورہ کے موقع پر عہدیدار ان کا استقبال کرنے کیلئے موجود نہیں تھے۔ر