شیوسینا لیڈر سنجے راوت کے بیان سے تنازعہ ۔ انڈیا اتحاد و بی جے پی کے سیاسی ٹکراؤ میں شدت
ممبئی 3 نومبر ( ایجنسیز ) مہاراشٹرا میں شیوسینا ادھو ٹھاکرے گروپ کے لیڈر سنجے راوت کے ایک بیان سے تنازعہ پیدا ہوگیا ہے ۔ سنجے راوت نے ایک بیان یں کہا کہ راہول گاندھی ملک کے وزیر اعظم بنیں گے اور امیت شاہ تہاڑ جیل میں ہونگے ۔ سنجے راوت نے یہ ریمارک ایسے وقت میں کیا ہے جب اپوزیشن انڈیا اتحاد اور بی جے پی کے مابین ووٹر لسٹ میں بے قاعدگیوں اور ایس آئی ار کی برخواستگی کے مطالبہ پر سیاسی گھمسان چل رہا ہے ۔ یکم نومبر کو دہلی میں انڈیا اتحاد کی جانب سے ایک بڑی ریلی کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں لاکھوں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی تھی ۔ یہ ریلی ایس آئی آر کی برخواستگی اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کی برطرفی کے مطالبہ پر کی گئی تھی ۔ اس ریلی میں خود راہول گاندھی نے بھی خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ ملک میں مبینہ طور پر جو ووٹ چوری ہوئی ہے اس کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ راہول گاندھی کی تقریر کے جواب میں وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا تھا کہ راہول گاندھی صرف تمثیلی پارلیمنٹ میں ہی وزیر اعظم بن سکتے ہیں۔ اس سیاسی گھمسان کے دوران سجے راوت کے بیان سے ایک نیا تنازعہ پیدا ہوگیا ہے اور تنقید و جوابی تنقید کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔