لوک سبھا کی رکنیت ختم کرنا جمہوریت کا قتل، ریونت ریڈی اور بھٹی وکرمارکا کا ردعمل
حیدرآباد۔24۔مارچ (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی میں اے آئی سی سی قائد راہول گاندھی کو لوک سبھا کی رکنیت سے نااہل قرار دینے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ مقامی عدالت نے 30 دن تک فیصلہ پر عمل آوری کو روک دیا تھا ، باوجود اس کے کہ مودی حکومت نے ڈکٹیٹرشپ کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے خلاف کارروائی کے سلسلہ میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے ملک کے پارٹی صدور کا اجلاس طلب کیا ہے۔ کانگریس پارٹی مودی حکومت کے انتقامی جذبہ کے خلاف ملک گیر سطح پر احتجاج کرے گی۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ اڈانی اسکام پر پارلیمنٹ میں مباحث کو روکنے کیلئے راہول گاندھی کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے لوک سبھا کی رکنیت کی برخواستگی کو جمہوریت کا قتل قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت راہول گاندھی کی مقبولیت سے خوفزدہ ہے اور پارلیمنٹ میں ان کی آواز روکنا چاہتی ہے۔ راہول گاندھی پر جھوٹے مقدمات کے تحت کارروائی کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام راہول گاندھی کے ساتھ ہیں اور جمہوری انداز میں عوام بی جے پی کو سبق سکھائیں گے۔ رکن اسمبلی جگا ریڈی نے راہول گاندھی کے خلاف کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قومی سیاست میں گاندھی خاندان کی اہمیت کم کرنے کیلئے جھوٹے مقدمات درج کئے گئے ۔ جگا ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی پوری طرح راہول گاندھی کے ساتھ کھڑی ہے۔ ر