رحمت بیگ کی پٹائی کرنے والوں کی نشاندہی ہوگئی

   

بحیثیت رکن قانون ساز کونسل استعفیٰ کا مسئلہ ہنوز برقرار
حیدرآباد۔5۔ستمبر۔(سیاست نیوز) رحمت بیگ کی پٹائی کرنے والوں کی نشاندہی کے بعد ان کی تلاش مکمل کرلی گئی ہے ۔رکن قانون سازکونسل کے استعفیٰ کا مسئلہ اب بھی جوں کا توں برقرار ہے۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل کے رکن کی حیثیت سے مستعفی ہونے سے قبل ہی حکومت نے ’’پروٹوکول‘‘ سے رحمت بیگ کو خارج کردیا ہے اور اسٹیل برج کے افتتاح کی تختی پر پروٹوکول کے مطابق رحمت بیگ کا نام نہیں رکھا گیا ۔ویڈیو میں رحمت بیگ کی پٹائی کرتے ہوئے ویڈیو ریکارڈ کرنے والے نوجوانوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان سے رابطہ کرلئے جانے کی توثیق ہوچکی ہے اور دعویٰ کیا جا رہاہے کہ مرزا رحمت بیگ کو گھناؤنی حرکت کرتے ہوئے دیکھنے کے بعد یہ نوجوان آپے سے باہر ہوگئے اور ان کی خوب پٹائی کرتے ہوئے ان کا ویڈیو ریکارڈ کیا اور بعد ازاں اس ویڈیو کے لیک ہونے کے خوف سے مختلف مقامات پر پناہ حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہے لیکن جب مجلس کے سرکردہ قائدین بالخصوص صدر مجلس بیرسٹر اسدالدین اویسی نے اس ویڈیو کو مشاہدہ کیا تو فوری اثرکے ساتھ مرزا رحمت بیگ کو جماعت سے خارج کرتے ہوئے اسے تلنگانہ قانون ساز کونسل کی رکنیت سے مستعفی ہونے کی ہدایت دی گئی لیکن اس ’ہدایت‘ کے بعد اس پر عمل کرنے کے بجائے ’رحمت بیگ‘ سعودی عرب کے لئے روانہ ہوگئے اور اپنے شرائط پر مستعفی ہونے کے لئے آمادگی ظاہر کی تو اس کے ساتھ ہی ’’قیادت ‘‘ نے شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک ’’وفد‘‘ کو مدینہ منورہ روانہ کردیا ہے ساتھ ہی رحمت بیگ کو زدوکوب کرنے اور ان کی پٹائی کرنے والے نوجوانوں سے رابطہ کرتے ہوئے ان کے ذریعہ پولیس میں شکایات درج کروانے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے تاکہ رحمت بیگ پر رکن قانون ساز رہتے ہوئے جو مقدمات درج ہوئے تھے ان میں گرفتاری کے بجائے نئے مقدمات میں گرفتاری کو یقینی بنایا جاسکے۔گذشتہ دنوں شہر حیدرآباد ومیں اسٹیل برج کے افتتاح میں ضلع انتظامیہ اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد میں ’’پروٹوکول‘‘ کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ’مرزارحمت بیگ‘ کا نام افتتاحی تختی پر درج نہیں کیا ۔ذرائع کے مطابق ’رحمت بیگ ‘ ہدایت پر عمل نہیں کر رہے ہیں لیکن بلدی عہدیدارو ضلع انتظامیہ اب بھی ’’ہدایت‘‘ پر عمل کررہا ہے حالانکہ عہدیداروں کو ’’صاب‘‘ کے غصہ کی دہائی دینے والے رکن قانون سازکونسل کو ہی پارٹی سے خارج کردیا گیا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ حیدرآباد سے سعودی عرب پہنچنے والے وفد میں ’جماعت‘ کے خاموش خدمت گذار موجود ہیں جنہیں معاملہ کو سلجھانے کا اختیار دیتے ہوئے روانہ کیا گیا ہے۔H/3