رشی کپور نے اپنی اداکاری سے ناظرین کو دیوانہ بنایا

   

ممبئی، 30 اپریل ( یو این آئی ) بالی ووڈ میں رشی کپور کا نام ایک ایسی شخصیت کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے چار دہائیوں تک اپنی سدابہار اداکاری سے سنیما ناظرین کو دیوانہ بنایا۔ چار ستمبر 1952 کو ممبئی میں پیدا ہوئے رشی کپور کو اداکاری کا فن ورثے میں ملا۔ ان کے والد راج کپور فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اور پروڈیوسر ڈائریکٹر تھے ۔ گھر میں فلمی ماحول کی وجہ سے رشی کپور فلموں کی طرف مائل ہوئے اور وہ بھی اداکار بننے کے خواب دیکھنے لگے ۔ رشی کپور نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز اپنے والد کی فلم ‘میرا نام جوکر’ سے کیا۔ سال 1970 میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں رشی کپور نے ایک 14 سالہ لڑکے کا کردار ادا کیا تھا جو اپنی ٹیچر سے محبت کرتا ہے ۔ رشی کپور نے اس کردار کو اس طرح نبھایا کہ شائقین ان کی طرف متوجہ ہو گئے ۔ رشی کو فلم ‘میرا نام جوکر’ کے لیے بہترین چائلڈ آرٹسٹ کا نیشنل ایوارڈ ملا۔ فلم میرا نام جوکر کو ہندوستانی سنیما کی تاریخ میں ایک سنگ میل سمجھا جاتا ہے حالانکہ یہ فلم باکس آفس پر مسترد کردی گئی تھی۔ اس فلم کو مکمل کرنے میں کافی وقت لگا۔ کہا جاتا ہے کہ راج کپور کو اپنی بیوی کے زیورات بیچنے پڑے ۔ راج کپور پر بہت قرض تھا۔ راج کپور نے قرض سے نکلنے کے لیے کم بجٹ کی فلم بوبی بنانے کا فیصلہ کیا۔ راج کپور نے 1973 میں ریلیز ہونے والی فلم بوبی کے لیے اپنے بیٹے رشی کپور اور 16 سالہ ڈمپل کپاڈیا کا انتخاب کیا، جو ایک نوعمری کی محبت کی کہانی پر مبنی تھی۔ یہ بطور اداکارہ ڈمپل کپاڈیہ کی پہلی فلم تھی۔ بہترین گانوں، موسیقی اور اداکاری سے مزین اس فلم کی زبردست کامیابی نے نہ صرف ڈمپل کپاڈیہ بلکہ رشی کپور کو بھی شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ اس فلم کے ذریعہ راج کپور کا قرض بھی اتر گیا۔