کمشنر اسکول ایجوکیشن کے دو علحدہ احکامات، ایس ایس سی امتحانی مراکز کے اسکولوں کے شام 5 بجے تک وقت سے دشواری، محکمہ تعلیم وضاحت کرے
حیدرآباد۔/12 مارچ، ( سیاست نیوز) رمضان المبارک کے آغاز کے بعد سرکاری ملازمین کی طرح اردو میڈیم اسکولوں کے اوقات میں ترمیم کے ذریعہ طلبہ اور اساتذہ کو سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے اسکولوں کے اوقات میں تبدیلی سے متعلق دو علحدہ احکامات اردومیڈیم اسکولوں کیلئے الجھن کا باعث بن چکے ہیں۔ ایک طرف موسم گرما اور رمضان کے پیش نظر اسکولوںکے اوقات میں کمی کی گئی تو دوسری طرف ایس ایس سی امتحانی مراکز بننے والے اسکولوں کے اوقات دوپہر ایک تا شام 5 بجے مقرر کئے گئے جس کے نتیجہ میں اردو میڈیم اسکولوں کے طلبہ اوراساتذہ میں الجھن پائی جاتی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں احکامات ایک ہی دن میں کمشنر اسکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری کئے گئے۔ سرکولر نمبر 70 مورخہ 6 مارچ کے تحت 12 مارچ تا 11 اپریل رمضان المبارک کے دوران تمام اردو میڈیم اسکولوں کے اوقات صبح 8 تا دوپہر 1:30 بجے مقرر کئے گئے۔ احکامات میں کہا گیا ہے اوقات میں تبدیلی کے نتیجہ میں اپرائمری اسکولس اور سیکنڈری اسکولس میں نصاب کی تکمیل کیلئے ایک دن زائد کام کیا جائے جبکہ پرائمری اسکولوں میں نصف گھنٹہ زائد یا دو دن زائد کام کیا جائے۔ اردو میڈیم اسکولوں میں سرکاری، امدادی اور ڈائیٹ کالجس کو یہ سہولت دی گئی۔ دوسری طرف سرکولر نمبر 54 کے تحت موسم گرما کے پیش نظر پرائمری، اپر پرائمری اور ہائی اسکولوں کے اوقات صبح 8 تا دوپہر 12:30 بجے مقرر کئے گئے۔ یہ احکامات تمام سرکاری، امدادی اور خانگی تعمیری اداروں کیلئے نافذ المعل ہیں۔ احکامات میں کہا گیا ہے کہ ایس ایس سی امتحانی مراکز کے اوقات دوپہر ایک تا شام پانچ بجے رہیں گے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا اردو میڈیم اسکولوں کو شام کے اوقات سے استثنیٰ رہے گا یا پھر امتحانی مراکز والے اردو میڈیم اسکولس رمضان کے باوجود دوپہر ایک تا شام 5 بجے کلاسیس چلانے کے پابند رہیں گے۔ اس سلسلہ میں محکمہ تعلیم کو ضروری وضاحت جاری کرنی چاہیئے۔ رمضان المبارک میں اردو میڈیم اسکولوں کو دی گئی سہولت سے شام کے اوقات کا استثنیٰ ضروری ہے تاکہ طلبہ اور اساتذہ افطار کی سہولت سے استفادہ کرسکیں۔1