رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ حدود میں جرائم کی شرح میں معمولی اضافہ

   

ڈکیتی کی وارداتو ں میں کمی ، کمشنر پولیس سدھیر بابو کی پریس کانفرنس
حیدرآباد : 23 ڈسمبر ( سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ حدود میں بحیثیت مجموعی جرائم کی شرح میں معمولی اضافہ ہوا ہے ۔ ڈکیتی کی وارداتو ں میں غیر معمولی کمی کے باوجود قتل ، عصمت ریزی ، اغوا ، جہیز ہراسانی کے سبب اموات میں اضافہ ہوا ہے ۔ یہ بات رچہ کنڈہ پولیس کمشنر مسٹر سدھیر بابو نے بتائی ۔ انہوں نے آج یہاں رچہ کنڈہ حدود میں پولیس کی سالانہ رپورٹ کو جاری کیا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ سائبر جرائم سے نمٹنے اور سائبر دھوکہ بازوں کو گرفتار کرنے میں رچہ کنڈہ پولیس نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ باوجود اس کے بڑے پیمانے پر دھوکہ باز اپنی سرگرمیاں جاری رکھئے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ سال 30 افراد کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے جو ملک بھر میں ایک کارنامہ ہے اور کسی بھی ریاست میں ایک سال کے عرصہ میں ایسا ریکارڈ نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ 495 سنسنی خیز مقدمات کو حل کیا گیا جس میں 73 مقدمات قتل کے پائے جاتے ہیں ۔ ان مقدمات میں 87 خاطیوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ 16 قتل کے معاملہ میں 34 افراد کو گرفتار کیا گیا ۔ جرائم پر قابو پانے کیلئے سخت اقدامات جاری ہیں ۔ 699 افراد کی روڈی شیٹس کھولی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک نظام کو بہتر بنانے ٹریفک جام اور حادثات پر قابو پانے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف 15,692 مقدمات درج کئے گئے اور ان کے خلاف 3 کروڑ 42 لاکھ سے زائد رقم کے جرمانے عائد کئے گئے اور 182 افراد کو جیل کی سزا سنائی گئی ۔ کمشنر پولیس سدھیر بابو نے بتایا کہ خواتین کے تحفظ کیلئے رچہ کنڈہ پولیس کی جانب سے مثالی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے عصمت ریزی کے واقعات میں اضافہ کے متعلق بتایا کہ رچہ کنڈہ میں درج کردہ 384 عصمت ریزی کے مقدمات میں 320 خاطی جانکاری اور جان پہچان والے افراد تھے جبکہ ان میں افراد خاندان اور قریبی رشتہ دار بھی شامل تھے اور 72 افراد پڑوسی ہیں ۔ اکثر متاثرہ لڑکیاں اور خواتین کی دھوکہ بازوں سے ملاقات سوشل میڈیا پلاٹ فام کے ذریعہ ہوئی ۔ پولیس کمشنر نے سائبر جرائم کے متعلق بتایا کہ سائبر کرائم پولیس نے جاریہ سال 53 بیرونی ممالک کے باشندوں کو گرفتار کیا تھا اور 23 کروڑ سے زائد کی رقم کو ضبط کیا گیا اور 21 کروڑ سے زائد کی رقم کو جو بینک کے کھاتو ں میں تھی انہیں منجمد کردیا گیا ۔ بحیثیت مجموعی خواتین پر مظالم میں 9 فیصد کمی واقع ہوئی ہے ۔ اس طرح پولیس کی بہتر اور سنجیدہ کارکردگی کے سبب پوکسو معاملہ میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ ملاوٹی اشیاء کے خلاف پولیس کی سخت کارروائیاں جاری ہیں ۔ ملاوٹی غذائی اشیاء اور زرعی بیجوں اور ادویات کے مافیہ کے خلاف سخت گیر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ سڑک حادثات اور سڑک حادثات میں ہونے والی اموات پر روک تھام کیلئے کئے جارہے اقدامات کے بہترین نتائج حاصل ہورہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ جاریہ سال سڑک حاثات میں 12 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے اور اموات میں 33فیصد کمی ریکارڈ کیا گیا اور 12.93 فیصد افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ حادثات میں ہلاک ہوئے اور زخمی ہونے والے افراد میں نوجوان نسل کی اکثریت پائی جاتی ہے ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ سدھیر بابو نے بہتر کارکردگی پر کمشریٹ پولیس عہدیدارو ں اور دیگر عملہ کو مبارکباد پیش کی اور آنندہ بہتر کارکردگی سے مثالی نتائج حاصل کرنے کا تیقن دیا ۔ اس موقع پر رچہ کنڈہ پولیس کے دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔ ع