رائے دہندوں کو ڈرانے دھمکانے کی شکایت پر جاری کردہ نوٹس کے جواب سے عدم اطمینان ، الیکشن کمیشن کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 29 اکٹوبر ( سیاست نیوز) سنٹرل الیکشن کمیشن نے ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی پر آئندہ 48 گھنٹوں تک اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے ضمنی انتخاب میں انتخابی مہم چلانے پر امتناع عائد کرتے ہوئے حکمران ٹی آر ایس کو ایک اور جھٹکہ دیا ہے ۔ ہفتہ کو شام 7 بجے سے امتناعی احکام پر عمل آوری کا آغاز ہوگیا ہے ۔ اس ضمن میں سنٹرل الیکشن کمیشن نے احکامات جاری کردئیے ہیں ۔ بی جے پی کی جانب سے ریاستی وزیر جگدیش ریڈی پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے رائے دہندوں کو ڈرانے دھمکانے ٹی آر ایس کو ووٹ نہ دینے پر سرکاری اسکیمات سے محروم کردینے کا انتباہ دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیر کیخلاف کارروائی کرنے کی الیکشن کمیشن سے شکایت کی جس کا جائزہ لینے کے بعد سنٹرل الیکشن کمیشن نے وزیر جگدیش ریڈی کو کل ہی نوٹس جاری کرتے ہوئے آج 3 بجے تک اس کی وضاحت کرنے کی ہدایت دی ۔ وزیر برقی نے نلگنڈہ میں انتخابی عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے ان الزامات کی تردید کی ۔ اپنی طرف سے وضاحت داخل کردی اور اپوزیشن کی جانب سے ان کیخلاف جھوٹے الزامات عائد کرنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم سنٹرل الیکشن کمیشن وزیر کی وضاحت سے مطمئن نہیں ہوئے اور ان پر آئندہ 48 گھنٹوں تک انتخابی مہم ، جلوس ، جلسوں اور پریس کانفرنس سے خطاب کرنے پر انتباہ عائد کردیا ۔۔ ن