ریاست میں برقی کی طلب میں ریکارڈ اضافہ

   

جی ایچ ایم سی میں بھی طلب 65 ملین یونٹ تک پہونچ گئی
حیدرآباد 26 مارچ ( سیاست نیوز ) تلنگانہ میں گرمی کی شدت کی وجہ سے آج برقی کی طلب ریکارڈ سطح تک پہونچ گئی ۔ گذشتہ سال مارچ میں برقی کی اعظم ترین طلب 13,688 میگاواٹ تھی جو آج 13,742 میگا واٹ ریکارڈ کی گئی ۔ یہ طلب آج دن میں 2.57 بجے ریکارڈ کی گئی ۔ 2014 میں تشکیل تلنگانہ کے بعد سے یہ ایک دن میں سب سے زیادہ برقی طلب تھی جو آج ریکارڈ کی گئی ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جاریہ گرما میں برقی کی طلب 14,500 میگاواٹ تک پہونچ سکتی ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ وہ 15,000 میگاواٹ طلب سے بھی نمٹنے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ جی ایچ ایم سی کے حدود میں بھی برقی کی طلب میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ گذشتہ سال حیدرآباد میں برقی کی طلب 55 ملین یونٹ سے زیادہ نہیں تھی جبکہ اس سال یہ 65 ملین یونٹ تک پہونچ گئی ہے ۔ تشکیل تلنگانہ کے بعد ریاست کی برقی پیداوار کی صلاحیت میں 9,680 میگاواٹ کا اضافہ کیا گیا جبکہ مزید 7962 میگاواٹ کے پراجیکٹس تعمیر کے مختلف مراحل میں ہیں۔